شیعہ مرجعیت

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی کو "مشہد رضوی کے قرآن کریم” کا ایک نسخہ پیش کیا گیا؛ معظم لہ نے تحقیق و اشاعت کو سراہا

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی کو "مشہد رضوی کے قرآن کریم” کا ایک نسخہ پیش کیا گیا؛ معظم لہ نے تحقیق و اشاعت کو سراہا

منگل یکم جولائی 2025 کی صبح "موسسہ آل البیت علیہم السلام کی جانب سے آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی کو مشہد رضوی کے قرآن کریم کا ایک مطبوعہ نسخہ پیش کیا گیا۔

اس ملاقات میں مشہد رضوی کے نسخہ قرآنی کے محقق جناب مرتضی کریمی نیا نے پہلی صدی ہجری سے اس اہم قرآنی دستاویز کی اہمیت اور تاریخ کے بارے میں مختصر وضاحت پیش کی۔

محقق موصوف نے تحقیقی عمل اور اس قرآن پاک کی اشاعت کے مراحل کے بارے میں ایک رپورٹ بھی پیش کی۔

یہ ملاقات حوزات علمیہ میں اسلامی علوم کے مختلف محققین کے لئے اس مخطوطہ کی تاریخی اور دستاویزی اہمیت کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کے دعووں کا مقابلہ کرنے کے لئے بھی خاص رہی جو قران کریم کی صداقت اور اعتبار کا انکار کرتے ہیں۔

اس ملاقات میں آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے اس قرآنی ورثہ کو زندہ کرنے میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید جواد شہرستانی (ڈائریکٹر موسسہ آل البیت علیہم السلام) کی خدمات کو بھی سراہا۔

معظم لہ نے اسلام اور شیعت کے ورثے میں مخطوطات کے خزانے پر توجہ دینے اور ان کی دیکھ بھال کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے آستان قدس رضوی کے کتب خانے کے آثار کا ذکر کیا اور ایسے کاموں کی تحقیق کو عالم اسلام کے علماء اور محققین کے لئے ضروری بتایا۔

انہوں نے علمی اور معتبر دلائل اور اسناد کا حوالہ دیتے ہوئے شیعہ مراکز اور محققین کے ذریعہ اس طرح کی تحقیق کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مخالفین کو قرآن کریم کی جامعیت اور اعتبار پر شک کی گنجائش نہ رہے۔

قابل غور ہے کہ مشہد رضوی کا قرآن کریم پہلی صدی ہجری سے حجازی رسم الخط میں قرآن کے نسخوں کا سب سے مکمل مجموعہ ہے اور مشہد مقدس میں آستان قدس رضوی کی لائبریری میں رکھا ہے۔‌

یہ علمی سرمایہ جسے سن 2023 میں موسسہ آل البیت علیہم السلام قم نے آستان قدس رضوی لائبریری کی اجازت اور تعاون سے 7 سال کی تحقیقی اور تکنیکی تیاری کے بعد جناب مرتضی کریمی نیا کی تحریر کردہ عربی اور انگریزی میں تفصیلی تعارف کے ساتھ شائع کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button