اکثر فقہاء کے نزدیک احکام الٰہی کی بجا آوری کی نیت سے اعمال و فرائض کا انجام دینا "قربۃ الی اللہ” کے لئے کافی ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
اکثر فقہاء کے نزدیک احکام الٰہی کی بجا آوری کی نیت سے اعمال و فرائض کا انجام دینا "قربۃ الی اللہ” کے لئے کافی ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی
مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور بدھ 20 محرم الحرام 1447 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے "قربۃ الی اللہ” کے سلسلہ میں فرمایا: اکثر فقہاء کے نظریہ کے مطابق احکام الٰہی کی بجا آوری کی نیت سے اعمال و فرائض کا انجام دینا "قربۃ الی اللہ” کے لئے کافی ہے۔
معظم لہ نے فرمایا: اب اگر ان فرائض اور اعمال کے انجام دینے میں کسی شخص کی نیت اخلاص اور مکمل طور پر خدا کی رضا نہ ہو بلکہ خوف خدا، جہنم کا خوف یا جنت میں جانے کی خواہش ہو تو اکثر فقہاء کے نزدیک یہ عمل صحیح ہے اور "قربۃ الی اللہ” کے لئے کافی ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: البتہ فقہاء میں سے صرف شہید اول رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی ایک کتاب میں عمل میں اخلاص کو "قربۃ الی اللہ” کا مصداق بتایا ہے اور بصورت دیگر عمل اور فرض کو باطل قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔