یوگی آدتیہ ناتھ نے محرم کو تشدد اور کانوڑ کو اتحاد کا جشن قرار دیا
یوگی آدتیہ ناتھ نے محرم کو تشدد اور کانوڑ کو اتحاد کا جشن قرار دیا
بنارس: اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کے روز وارانسی میں ایک پروگرام کے دوران خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر ایسا بیان دیا جو نہ صرف متنازعہ بلکہ معاشرتی تقسیم کو گہرا کرنے والا ہے۔
انہوں نے محرم کے جلوسوں کو تشدد، توڑ پھوڑ اور آگ زنی سے تعبیر کیا، جبکہ کانوڑ یاترا کو ’اتحاد کا جشن‘ قرار دیا۔ پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق، یوگی آدتیہ ناتھ نے جونپور میں محرم کے دوران پیش آئے ایک حادثے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض موقعوں پر سختی کے بغیر نظم قائم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا، ’’ساون سے پہلے محرم تھا۔ ہم نے ضابطہ بنایا تھا کہ تعزیے کی اونچائی محدود رکھی جائے تاکہ بجلی کی لائنوں یا درختوں کو نقصان نہ پہنچے لیکن جونپور میں تعزیہ اتنا اونچا بنایا گیا کہ وہ ہائی ٹینشن لائن کی زد میں آ گیا۔
تین افراد ہلاک ہو گئے۔ پھر سڑک جام کر کے ہنگامہ کیا گیا۔ پولیس نے پوچھا تو میں نے کہا، لاٹھی مار کر نکالو، یہ لاتوں کے بھوت ہیں، باتوں سے نہیں مانیں گے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس بیان پر کسی نے سوشل میڈیا پر مخالفت نہیں کی، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عوام اس طرزِ عمل کو مناسب سمجھتے ہیں۔
محرم کے جلوسوں سے متعلق یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، ’’پہلے ہر محرم کا جلوس انتشار، آگ زنی اور توڑ پھوڑ کا سبب بنتا تھا۔ دوسری طرف ساون کے مہینے میں نکلنے والی کانوڑ یاترا اتحاد اور عقیدت کا عجیب سنگم ہے۔‘‘
کانوڑ یاترا کی مدح سرائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’آج کانوڑ یاتری بھکتی کے جذبے سے چلتے ہیں۔ 200، 300، 400 کلومیٹر تک کانوڑ کاندھے پر رکھ کر ’ہر ہر بم بم‘ کے نعروں کے ساتھ سفر کرتے ہیں لیکن ان پر بھی میڈیا ٹرائل ہوتا ہے۔
انہیں شرپسند یا دہشت گرد تک کہا جاتا ہے۔ یہ وہ ذہنیت ہے جو ہر سطح پر ہندوستان کی وراثت اور آستھا کو نیچا دکھانے کا کام کرتی ہے۔‘‘