حضرت ابو طالب علیہ السلام کی شان میں گستاخی: ٹی ایل پی رہنما شفیق قصوریہ کے خلاف مقدمہ درج
حضرت ابو طالب علیه السلام کی شان میں گستاخی: ٹی ایل پی رہنما شفیق قصوریہ کے خلاف مقدمہ درج
ڈیرہ اسماعیل خان: حضرت ابو طالب علیہ السلام کی شان میں گستاخی کے خلاف ملت جعفریہ کے احتجاج پر مقامی پولیس نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ضلعی امیر شفیق قصوریہ کے خلاف توہین آمیز مواد شائع کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ پہاڑ پور کی حدود میں شفیق قصوریہ نے سوشل میڈیا پر ایک ایسی پوسٹ شیئر کی جس میں حضرت ابو طالب علیه السلام کے حوالے سے نازیبا اور توہین آمیز الفاظ استعمال کیے گئے۔ یہ مواد اہل تشیع افراد کے جذبات کو مجروح کرنے کا باعث بنا، جس پر مختلف علاقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا۔
ملت جعفریہ کے علما اور عوام نے بھرپور احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ مذہبی شخصیات کے احترام کو یقینی بنایا جائے اور ایسے اقدامات کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ احتجاج کے بعد مولانا کاظم حسین مطہری کی مدعیت میں شفیق قصوریہ کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 153-A (فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش)، 295-A (مذہبی جذبات کو مجروح کرنے)، اور 298-A (اہل بیتؑ کی توہین) کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق معاملے کی تفتیش جاری ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی تاکہ مذہبی ہم آہنگی کو متاثر کرنے والے عناصر کو روکا جا سکے۔