ایشیاء

نیپال اور چین کو ملانے والا پل گرنے سے 8 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

نیپال اور چین کو ملانے والا پل گرنے سے 8 افراد ہلاک، درجنوں لاپتہ

نیپال اور چین کی سرحد پر واقع دریائے بھوٹے کوشی میں آنے والے اچانک سیلاب نے دونوں ممالک کو جوڑنے والا "دوستی کا پل” تباہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد ہلاک جبکہ درجنوں افراد لاپتہ ہو گئے۔ نیپالی حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے پیچھے ممکنہ وجہ تبت میں واقع برفانی جھیل کا پھٹنا ہے، کیونکہ متاثرہ علاقے میں حالیہ دنوں میں کوئی شدید بارش نہیں ہوئی۔

نیپالی پولیس کے مطابق اب تک 8 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی، جبکہ 57 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ نیپال کی نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (NDRRMA) نے بتایا کہ 20 سے زائد افراد لاپتہ ہیں جن میں 6 چینی شہری اور 3 نیپالی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ اس کے برعکس چینی میڈیا نے لاپتہ چینی شہریوں کی تعداد 11 بتائی ہے۔

رپورٹس کے مطابق چینی کارکن کھٹمنڈو سے شمال میں واقع ایک ان لینڈ کنٹینر ڈپو پر کام کر رہے تھے، جو چینی امداد سے تعمیر ہو رہا تھا۔ رسووا ضلع کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ سیلاب کی وجہ سے چینی درآمدی سامان سے بھرے کنٹینرز بھی بہہ گئے ہیں، اور مالی نقصان کی تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔

پل کے گرنے سے نیپال اور چین کے درمیان تجارتی راستہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button