عراق

صابئی مندائی برادری نے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے احترام میں نئے سال کی تقریبات منسوخ کر دیں

صابئی مندائی برادری نے امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کے احترام میں نئے سال کی تقریبات منسوخ کر دیں

عراق میں مذہبی اور انسانی یکجہتی کی ایک خوبصورت مثال سامنے آئی ہے، جب صابئہ مندائی برادری نے اپنے نئے سال کی تقریبات (عید البرونايا) اس سال منسوخ کرنے کا اعلان کیا، تاکہ محرم الحرام کے دوران امام حسین بن علی علیہ السلام کی شہادت کی عزاداری کا احترام کیا جا سکے۔

عراق اور دنیا بھر میں صابئہ مندائی برادری کے سربراہ شیخ ستار جبار حلو نے ایک بیان میں کہا:
"میں اپنی اور صابئی مندائی برادری کی جانب سے امام حسین علیہ السلام اور اُن کے ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں عزادار مسلمانوں اور پوری اسلامی دنیا کو تعزیت پیش کرتا ہوں۔ امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد ظلم کے خلاف، اور انصاف و بہادری کی اقدار پر مبنی تھی، جو ہر آزاد انسان کے دل کو چھوتی ہے۔”

انہوں نے بتایا کہ برادری نے یہ فیصلہ "احترام، ہمدردی، اور دکھ کے اس موقع پر اظہارِ یکجہتی” کے طور پر لیا ہے۔ اس سال وہ صرف مخصوص دینی عبادات اور دعاؤں تک محدود رہیں گے، اور روایتی خوشیاں اور میلوں کا اہتمام نہیں کیا جائے گا۔

عید البرونايا، جسے عیدِ تخلیق بھی کہا جاتا ہے، صابئی مندائی برادری کے چار بڑے تہواروں میں سے ایک ہے، اور اس کی تقریبات پانچ دن تک جاری رہتی ہیں۔ ان کے عقیدے کے مطابق یہ پانچ دن "ایسا مسلسل دن” ہوتا ہے جس میں دن اور رات الگ نہیں ہوتے۔

عراق میں اس فیصلے کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے، اور اسے مختلف مذہبی و سماجی طبقات نے "عراقی معاشرے کی وحدت” اور "دوسری قوموں کے مذہبی جذبات کے احترام” کی ایک زندہ مثال قرار دیا ہے۔ عراق ہمیشہ سے مختلف مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کا مرکز رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button