محرم عراق میں
"محرم عراق میں” — امریکی اخبار نے بغداد میں پیش کی گئی "تشابیہ کربلا” کی تصویر صفحۂ اول پر شائع کر دی
امریکا کی ریاست انڈیانا سے شائع ہونے والے معروف اخبار "کوشن نیوز” نے ایک غیر معمولی صحافتی اقدام کرتے ہوئے اپنے صفحۂ اول پر بغداد میں واقعہ کربلا پر مبنی ایک جذباتی اور زندہ تصویر شائع کی، جو ہفتہ، 6 جولائی 2025 کو شہرِ بغداد کے علاقے صدر سٹی میں ہونے والے "تشابیہ” (واقعہ کربلا کی منظرکشی) کے دوران لی گئی تھی۔
یہ تصویر اخبار کے صفحۂ اول پر "محرم عراق میں” کے نمایاں عنوان کے ساتھ شائع ہوئی، جس میں واقعہ کربلا کی یاد کو ایک ڈرامائی انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تصویر میں متعدد عراقی شیعہ خواتین کو دکھایا گیا ہے جو انتہائی جذباتی انداز میں عاشوراء کے دردناک واقعات کی منظرکشی کر رہی ہیں، جن کے ذریعے کربلا کی بہادری، قربانی اور انسانیت کے ابدی پہلو اجاگر کیے گئے، جو ساتویں صدی عیسوی سے اسلامی ضمیر میں زندہ ہیں۔
امریکی اخبار نے اپنی رپورٹ میں محرم کی رسومات کو "انقلابی ایمان” کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان خواتین کی پُراثر شرکت عراقی قوم کے دل میں حسینی فکر کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے، اور یہ منظر امام زین العابدین علیہ السلام کے آنسوؤں، حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے صبر اور حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کے غم کی یاد کو تازہ کر دیتا ہے۔
یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی میڈیا شاذ و نادر ہی شیعہ مذہبی ثقافت پر اس قدر گہرائی سے روشنی ڈالتا ہے۔ "کوشن نیوز” کی اس جامع اور باوقار کوریج نے ثابت کر دیا کہ کربلا کی حرارت اور پیغام نہ صرف جغرافیائی سرحدوں اور سیاسی تقسیم سے بالاتر ہے بلکہ عالمی ضمیر کو بھی جھنجھوڑ دینے والی ایک انسان دوست تحریک ہے، جو ظلم اور استبداد کے خلاف بیداری کی علامت بن چکی ہے۔