پاکستان

امریکی شہر ڈیربورن میں گیارہویں سالانہ عاشورائی جلوس، ہزاروں شیعہ مسلمانوں کی شرکت

امریکی شہر ڈیربورن میں گیارہویں سالانہ عاشورائی جلوس، ہزاروں شیعہ مسلمانوں کی شرکت

امریکا کی ریاست مشی گن کے شہر ڈیربورن میں موجود ہزاروں شیعہ مسلمانوں نے یوم عاشوراء کے موقع پر گیارہویں سالانہ عاشورائی جلوس میں شرکت کی، جو امام حسین علیہ السلام، ان کے اہلِ بیت اور اصحاب کی واقعہ کربلا میں شہادت کی یاد میں نکالا گیا۔ یہ جلوس 10 محرم الحرام کو منعقد ہوا، جس میں عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

یہ عظیم الشان جلوس ہفتے کی صبح شہر کی مرکزی سڑکوں سے گزرا، جس میں مرد، خواتین اور بچے شامل تھے۔ شرکاء نے سیاہ اور سرخ پرچم اٹھا رکھے تھے اور بلند آواز میں نعرے لگا رہے تھے جو امام حسین علیہ السلام کے اصولوں کی عظمت کو خراج تحسین پیش کرتے، اور رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و اہل بیت علیہم السلام سے وفاداری اور تعزیت کا اظہار کرتے تھے۔

"شیعہ نیوز ایجنسی” کی رپورٹ کے مطابق، جلوس کے دوران شرکاء نے انتہائی پُرسوز اور پرخلوص انداز میں جلوس نکالا، اور راستوں میں ظلم کے خلاف مزاحمت، مظلوموں کی حمایت اور امام حسین علیہ السلام کی ثابت قدمی و قربانی سے سبق لینے کے نعرے بلند کیے۔

شرکاء نے اپنے نعروں اور جلوس کے دوران کی جانے والی تقاریر میں اس بات پر زور دیا کہ امام حسین علیہ السلام کا پیغام ہمیشہ مؤمنین کے دلوں میں زندہ رہے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ حضرت کے پاکیزہ خون نے تمام زمانوں اور سرزمینوں میں آزادی کا راستہ ہموار کیا اور عاشوراء ہمیشہ انہیں اپنی دینی و سماجی ذمہ داریوں کی یاد دلاتا رہے گا۔

آخر میں شرکاء نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اس مقدس یاد کو ہر سال زندہ رکھیں گے اور اس کے پیغام کو دنیا بھر میں پھیلائیں گے، کیونکہ عاشوراء حقیقی اسلام کا جوہر، عدل و حریت کی پکار اور مظلومین کی حمایت میں ظالموں کے خلاف قیام کی دعوت ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button