پاکستان بھر میں 9 محرم کے جلوس و مجالس۔
پاکستان بھر میں 9 محرم کے جلوس و مجالس۔
سکیورٹی الرٹ، فوج تعینات، موبائل سروس جزوی معطل
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں نواں محرم الحرام مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
شہر شہر میں شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس نکالے گئے، جلوسوں کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ تھی، بعض شہروں میں موبائل سروس معطل اور حساس مقامات سیل کر دیے گئے تھے جبکہ جلوسوں کے راستوں پر دودھ اور شربت کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
لاہور پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ کا جلوس
پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پانڈو سٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے برآمد ہوا جہاں سکیورٹی کے لیے ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
جلوس اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ، پرانی انارکلی اور دیگر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا خیمہ سادات میں اختتام پذیر ہوا، نوحہ خوانی اور نماز ظہرین کے علاوہ نماز مغربین بھی جلوس روٹ کے مختلف نقاط پر ادا کی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ پنجاب میں 9 محرم کو 1689 عزاداری جلوس اور 3895 مجالس منعقد ہوئیں۔ جن کی حفاظت پر ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، لاہور میں 79 جلوس اور 378 مجالس کی حفاظت پر 10 ہزار سے زائد اہلکار مامور تھے۔
کراچی
کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس 12 بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا جو حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات کیے گئے تھے۔
علاوہ ازیں اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور دیگر شہروں سے بھی جلوس برآمد ہوئے جس میں عزادار نوحہ خوانی، ماتم داری، سینہ زنی اور زنجیر زنی بھی کر رہے تھے۔
سکھر: 500 سالہ نو ڈھالہ تعزیہ جلوس
سندھ کے شہر سکھر کے علاقے روہڑی میں 500 سالہ تاریخی کربلائے معلیٰ کا 9 محرم کا نو ڈھالہ تعزیہ جلوس برآمد ہوا، یہ جلوس یوم عاشور کی شام ختم ہو گا جس کے باعث بعض علاقوں میں انٹر نیٹ سروس متاثر ہے۔
ملتان میں قدیمی امام بارگاہ ممتاز آباد سے علم اور تعزیہ کا جلوس برآمد ہوا، ڈیرہ اسماعیل خان میں 9 محرم کا جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہوا جو مسجد یاعلی پر اختتام پذیر ہوا جبکہ فیصل آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ حیدریہ امین پور بازار اے سے رات 9 بجے برآمد ہوا۔
پشاور میں امام بار گاہ حسینیہ سے مرکزی جلوس برآمد
پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال سے علم اور ذوالجناح کا جلوس برآمد ہوا، جلوس میں عزاداران حسین کی زنجیرزنی، سینہ زنی اور نوحہ خوانی جاری تھی۔
ماتمی جلوس کالی باڑی اور فوارہ چوک بھی جائے گا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ہال میں اختتام پذیر ہوگا، فخر عالم روڈ پشاور صدر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، جلوس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نویں اور دسویں محرم کو موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔ شہر میں بی آر ٹی سروس بھی 2 دن کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
پشاور شہر میں 10 ہزار سے زائد پولیس و سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ افغان مہاجرین کے اندرون شہر داخلے پر بھی 2 دن کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے، قصہ خوانی بازار، خیبر بازار، سرکلر روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔