اللہ کا بندہ کبھی ذلت قبول نہیں کرتا: مولانا سید علی ہاشم عابدی
اللہ کا بندہ کبھی ذلت قبول نہیں کرتا: مولانا سید علی ہاشم عابدی
لکھنو۔ گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی بارگاہ ام البنین سلام اللہ علیہا منصور نگر میں عشرہ مجالس صبح ساڑھے سات بجے منعقد ہو رہا ہے، جسے مولانا سید علی ہاشم عابدی خطاب فرما رہے ہیں ۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے عشرہ مجالس کی آٹھویں مجلس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی مشہور حدیث "بے شک امام حسین علیہ السلام چراغ ہدایت اور کشتی نجات ہیں۔” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے کہا: جسے امام حسین علیہ السلام ہدایت دیں اسے کوئی گمراہ نہیں کر سکتا اور جو امام حسین علیہ السلام سے دور ہو وہ کبھی ہدایت یافتہ نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ امام حسین علیہ السلام چراغ ہدایت ہیں۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے زیارت حضرت عباس علیہ السلام کا ذکر کرتے ہوئے کہا: حضرت عباس علیہ السلام عبد صالح یعنی اللہ کے مخلص بندے ہیں۔ انہوں نے اپنی بابرکت زندگی کا لمحہ بہ لمحہ عبادت پروردگار میں بسر کیا۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے مزید کہا: معصوم امام نے حضرت عباس علیہ السلام کی زیارت میں فرمایا کہ آپ اللہ، رسول، امیرالمؤمنین، امام حسن اور امام حسین علیہم السلام کے مطیع تھے۔ یعنی آپ بلا کسی چوں و چرا کے ائمہ ہدی علیہم السلام کی اطاعت کرتے اور اس راہ میں کسی ملامت کرنے والے کی ملامت کی پرواہ نہیں کرتے تھے۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ شمر ملعون حضرت عباس علیہ السلام اور ان کے بھائیوں کے لئے امان نامہ لے کر آیا جسے آپ نے ٹھکرا دیا۔ کہا: جس طرح امام حسین علیہ السلام نے انکار بیعت کیا اسی طرح حضرت عباس علیہ السلام نے امان سے انکار کیا اور رہتی دنیا تک بتا دیا کہ اللہ کا مخلص بندہ کبھی ذلت کی زندگی نہیں جیتا۔ اللہ کا بندہ اپنی جان تو قربان کر سکتا ہے لیکن کبھی ذلت کو قبول نہیں کر سکتا۔