8 محرم کو پاکستان کے مختلف شہروں میں جلوس عزا برآمد ہوا
8 محرم کو پاکستان کے مختلف شہروں میں جلوس عزا برآمد ہوا
شہیدان کربلا کی یاد میں 8 محرم کو پاکستان کے مختلف شہروں میں جلوس عزا برآمد ہوا۔
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں 8 محرم الحرام کے موقع پر عزاداری کے سلسلے میں جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور
لاہور میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین اندرون موری گیٹ سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا شام کو امام بارگاہ بیت الرضا پرانی انار کلی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
شبیہ ذوالجناح کا یہ جلوس اندرون موری گیٹ سے ہوتا ہوا کوچہ چراغاں سے گذرا۔ جلوس جامعہ رضویہ، بخاری چوک، لوہاری گیٹ سے ہوتا ہوا انار کلی پہنچا۔
جلوس کی برآمدگی سے قبل علماء و ذاکرین نے مجلس عزا سے خطاب کیا اور شہداء کربلا کے فضائل و مصائب بیان کئے، بعدازاں نوحہ خوانی کی گئی اور شبیہ ذوالجناح برآمد ہوا۔
جلوس کے راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، جلوس کے اطراف کی تمام گلیوں اور راستوں کو خار دار تاریں لگا کر بند کیا گیا، اہل علاقہ اور امن کمیٹیوں کے ممبران سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران بھی جلوس کے ہمراہ تھے، عزاداروں کیلئے راستے میں پانی، شربت اور دودھ کی سبیلوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
پشاور
پشاور شہر میں 8 محرم الحرام کے سلسلے میں 18 چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوئے ہیں، جلوسوں کے روایتی راستوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے جبکہ جلوسوں کی نگرانی جدید ڈرون کیمروں کے ذریعے کی گئی۔
پولیس کے مطابق پہلا جلوس امام بارگاہ سید نجف علی شاہ سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوا جبکہ دوسرا بڑا جلوس شام 4 بجے حسینیہ ہال پشاور صدر سے برآمد ہوا۔
اس کے علاوہ جلوسِ شبیہ گہوارہ حضرت علی اصغر علیہ السلام رات 8 بجے امام بارگاہ حسین محلہ مروی ہا سے برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوا۔
پولیس اور سکیورٹی اداروں نے جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے، داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ، واک تھرو گیٹس، بم ڈسپوزل سکواڈ کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ فُل مانیٹرنگ کے لئے ڈرون کیمرے بھی استعمال کئے۔
اسلام آباد میں 8 محرم الحرام کا جلوس
اسلام آباد میں 8 محرم الحرام کے موقع پر جامعہ المرتضیٰ جی نائن فور سے دوپہر ایک بجے مرکزی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا جامعہ الصادق جی نائن ٹو پر اختتام پذیر ہو گا۔
جلوس کا روٹ جی نائن ون، پولیس کوارٹر اور سروس روڈ پر محیط تھا، اس دوران روہتاس روڈ (پولیس کوارٹر ٹرن)، طفیل نیازی روڈ (جی ٹین) اور خرم روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
جلوس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات پر پولیس، رینجرز اور رضا کاروں کی نفری تعینات کی گئی، جلوس کے روٹ پر نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے بھی فعال کر دیئے گئے ہیں۔
کراچی
کراچی میں 8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوا، مرکزی جلوس کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
قدیمی امام بارگاہ 12 امام پر مختصر قیام کے بعد جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔