عراق

عراق بھر میں محرم کی پرشکوہ عزاداری: حضرت سیدالشہداء علیہ السلام سے عشق کی گونج

عراق بھر میں محرم کی پرشکوہ عزاداری: حضرت سیدالشہداء علیہ السلام سے عشق کی گونج

محرم الحرام کے ایام میں عراق کے مختلف شہروں، مقدس مزارات اور علمی مراکز میں عزاداری کی روحانی فضا چھا گئی، جہاں لاکھوں عزادارانِ حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنے جذباتِ عقیدت اور عشقِ حسینی کا والہانہ اظہار کیا۔

حوزہ علمیہ حضرت سیدالشہداء علیہ‌السلام میں عزاداری کی پررونق مجالس
شہر مقدس کربلا میں مرجع تقلید حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے زیرنگرانی قائم حوزہ علمیہ حضرت سیدالشہداء علیہ‌السلام میں محرم الحرام کے دوران پُرشکوہ مجالسِ عزاداری کا انعقاد کیا گیا۔
علماءِ کرام، دینی طلاب اور اہل بیت علیہم السلام کے محبین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مجالس میں معروف ذاکرین اہل بیت علیہم السلام، کربلائی مہدی جمالی اور کربلائی محمدرضا بیات نے روضہ‌خوانی اور نوحہ خوانی کر کے ماحول کو سوگوار اور معنوی بنا دیا۔

عراق کے مختلف شہروں میں عشقِ حضرت امام حسین علیہ السلام کا طوفان
محرم الحرام کے ان ایام میں پورا عراق صدائے "لبیک یا حسین” سے گونج اُٹھا۔
دارالحکومت بغداد کی سڑکوں پر عزاداروں کا جم غفیر اہل بیت علیہم السلام سے غیر متزلزل محبت اور وفاداری کی علامت تھا۔
شب ہفتم محرم کو "موکب شہید جمعہ” کے جلوس نے روحانی کیفیت سے لبریز فضا پیدا کی۔

شہر مقدس کربلا میں حضرت قاسم بن الحسن علیہ السلام کی یاد میں عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جہاں ہزاروں نوجوان کفن پہن کر ان کی شجاعت کو خراجِ تحسین پیش کرتے دکھائی دیے۔
نجف اشرف میں روایتی مراسم "عزائے مشق” منعقد ہوئے، جن میں طبل اور سنج کی آوازوں نے شبِ محرم کو جذباتی اور متأثر کن بنا دیا۔
شہر سماوہ میں بھی اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں نے جلوسِ عزاداری کے ذریعے اپنی محبت اور وابستگی کا اظہار کیا اور سڑکوں کو سیاہ پوش کر دیا۔

شبِ تاسوعا: حرم حضرت امام حسین علیہ السلام و حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام میں عقیدت کا سمندر
شب تاسوعا کو شہر مقدس کربلا میں واقع حرم حضرت امام حسین علیہ السلام اور حرم حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام میں لاکھوں عزاداروں اور زائرین کا عظیم اجتماع ہوا۔
زیارت عاشورا کی قرائت، روضہ خوانی اور سوز و سلام کی صداؤں نے ماحول کو معنویت اور حزن سے بھر دیا۔
عزاداروں نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی عظیم وفاداری، شجاعت اور ایثار کو یاد کیا اور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

یہ روح پرور اور پرشکوہ عزاداریاں اس بات کا ثبوت تھیں کہ پیغامِ کربلا، یعنی حق، ایثار، عدل، اور ظلم کے خلاف قیام، آج بھی زندہ ہے اور رہتی دنیا تک روشن رہے گا۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button