زنجیر تیغی کا جلوس؛ کربلا کے شہداء کے جسموں کی یاد میں
زنجیر تیغی کا جلوس؛ کربلا کے شہداء کے جسموں کی یاد میں
محرم کی آٹھویں تاریخ کو ہر سال زنجیر تیغی کا جلوس کربلا کے شہداء کی یاد میں نکالا جاتا ہے۔ یہ ایک خاص طریقہ عزاداری ہے جس میں عزادار اپنے جسم پر زخم لگا کر امام حسین علیہ السلام اور اُن کے ساتھیوں کے درد و غم کو محسوس کرنے کی کوشش کرتے ہیں، خاص طور پر حضرت علی اکبر علیہ السلام کے جسمِ پاره پاره کی یاد میں۔
آٹھ محرم کو کربلا کی گلیاں، خاص طور پر "شارع باب القبله”، ماتم کا مرکز بن جاتی ہیں۔
دنیا بھر سے عزادار امام حسین علیہ السلام کی محبت میں اس مقام پر جمع ہوتے ہیں تاکہ زنجیر تیغی کی عزاداری میں شریک ہو سکیں۔
صبح سویرے سے ہی ہزاروں عزادار زنجیروں کے ساتھ جلوس میں شامل ہو جاتے ہیں۔
نوحہ خوانی، زنجیر زنی، اور رونے کی آوازیں کربلا کے ماحول کو روحانیت اور غم سے بھر دیتی ہیں۔
زنجیر تیغی ان زخموں کی علامت ہے جو امام حسین علیہ السلام، حضرت علی اکبر اور دیگر شہداء پر میدانِ کربلا میں لگے۔
ہر ضرب جو عزادار اپنے جسم پر لگاتا ہے، امام حسین علیہ السلام سے اپنی بے پناہ محبت اور وفاداری کی علامت ہے۔
یہ زخم اُن زخموں کی یاد دلاتے ہیں جو حضرت علی اکبر علیہ السلام کے ٹکڑے ٹکڑے جسم پر لگے، اسی لیے بہت سے عزادار اس دن کو حضرت علی اکبر علیہ السلام کے نام کرتے ہیں۔
جلوس میں نوحے پڑھے جاتے ہیں، مصیبتیں بیان کی جاتی ہیں، اور ہر زنجیر کی چوٹ تلوار کی اس چوٹ کی یاد دلاتی ہے جو امام حسین علیہ السلام اور ان کے اصحاب پر لگی۔
یہ جلوس نہ صرف امام حسین علیہ السلام کے غم کو تازہ کرتا ہے، بلکہ اُن کے پیغامِ قربانی، صبر، عدل اور ظلم کے خلاف جہاد کو نئی نسلوں تک پہنچاتا ہے۔
یہ دن امام حسین علیہ السلام کے ساتھ تجدیدِ عہد کا دن بھی ہے۔
ہر زخم، ہر آنسو، ہر صدائے یا حسین، اس بات کا اعلان ہے کہ امام حسین کا راستہ آج بھی زندہ ہے۔
یہ جلوس کربلا ہی نہیں، بلکہ نجف اشرف، ایران، افغانستان، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کے کئی دوسرے ممالک میں بھی خاص عقیدت سے نکالا جاتا ہے۔
آٹھ محرم کا یہ عمل دکھاتا ہے کہ عشقِ حسین اور پیغامِ عاشورا زمان و مکان سے بالاتر ہو چکا ہے، اور ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گا۔