انما خرجت لطلب الاصلاح فی امت جدی
میرٹھ میں عزاداری کا سلسلہ جاری، "انما خرجت لطلب الاصلاح فی امت جدی” کے عنوان پر پُراثر مجالس
میرٹھ، هندوستان – ماہِ محرم کی آمد کے ساتھ ہی شہر میرٹھ میں عزاداری کا پُرعقیدت سلسلہ جاری ہے۔ امام بارگاہ "پنجتنی” میں روزانہ صبح 10 بجے مجلسِ عزاء منعقد کی جا رہی ہے، جس میں مومنین کی بڑی تعداد شریک ہو رہی ہے۔
ان مجالس سے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا مصطفی علی خان ادیب الہندی خطاب فرما رہے ہیں، جو اپنے علمی اور خطیبی انداز کی وجہ سے عزاداروں کے دلوں میں گہرا اثر چھوڑ رہے ہیں۔
مولانا کا مرکزی موضوع "اِنَّما خَرَجتُ لِطَلَبِ الإصلاحِ فی أُمَّةِ جَدّی” (بیشک میں اپنے نانا کی امت کی اصلاح کے لیے نکلا ہوں) ہے۔ وہ اپنے خطابات میں امام حسین علیہ السلام کے قیام کی اصل روح کو اجاگر کر رہے ہیں، اور اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ کربلا صرف ایک معرکہ نہیں بلکہ ایک عظیم تحریک ہے، جو حق، عدل اور اصلاحِ امت کے لیے تھی۔
مجالس میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، اور عزادار بڑے خشوع و خضوع کے ساتھ نوحہ و ماتم میں شرکت کرتے ہیں۔ مقامی نوجوانوں نے بھی تنظیمی طور پر مجالس کے انتظامات میں بھرپور حصہ لیا ہے۔
پنجتنی امام بارگاہ کی یہ مجالس نہ صرف ایک روحانی ماحول فراہم کر رہی ہیں بلکہ نوجوان نسل کو امام حسین علیہ السلام کے پیغام سے روشناس کرانے میں بھی مؤثر کردار ادا کر رہی ہیں۔