پورا یورپ شدید گرمی اور لُو کی لپیٹ میں
پورا یورپ شدید گرمی اور لُو کی لپیٹ میں
اس وقت بر اعظم یورپ، جہاں کا موسم ہمیشہ سہانا اور لگاتار ہونے والی برف باری کی وجہ سے ٹھنڈا رہتا ہے ، شدید گرمی اور لُو کیا لپیٹ میں آگیا ہے۔ یورپ کے بیشتر ممالک جن میں برطانیہ ، جرمنی ، اسپین ، پرتگال ، فرانس ، بلغاریہ ، اٹلی اور دیگر ممالک شامل ہیں درجہ حرارت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کررہے ہیں۔ اسپین کے متعدد شہروں میں منگل کو درجہ حرارت ۳۸؍ ڈگری سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔ یہ یورپ کے کسی بھی ملک کے لئے بہت زیادہ ہے کیوں کہ یورپ قطب شمالی سے قریب ہے جس کی وجہ سے یہاں کے ممالک میں اوسط درجہ حرارت ۲۰؍ ڈگری کے آس پاس ہی رہتا ہے۔ اسی وجہ سے یورپ کے کئی شہروں میں لُو چلنے کی وارننگ بھی جاری کردی گئی ہے۔
یورپی ملک سلووینیا کی ماحولیاتی ایجنسی اعلان کیا کہ اس سال کا جون اب تک کا سلوینیا کا سب سےگرم ، خشک ترین اور دھوپ والا مہینہ ریکارڈ ہوا ہے ۔ملک کے موسمیاتی ماہر گریگور ورٹاکنک کے مطابق گزشتہ ماہ جون میں درجہ حرارت طویل مدتی اوسط سے ۵؍ڈگری زیادہ تھا۔ اس مہینے میں کچھ مغربی علاقوں میں جون کے آدھے ماہ تک اوسطاً بارش ہوئی لیکن تب بھی گرمی کم نہیں ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ سلووینیا گرمی کی لہر سے گزر رہا ہے جو ۲۳؍ جون کو شروع ہوئی تھی اور ۱۵؍ دن تک اس کے جاری رہنے کا امکان ہے۔ یہاں ہیٹ ویو ۲۶؍ جون کو عروج پر پہنچی، جب جنوب مشرقی قصبے کا درجہ حرارت ۴۰؍ ڈگری تک پہنچ گیا۔
کچھ یہی حال اسپین کا بھی ہے جہاں ہفتے کے آخر میں اب تک کا سب سے زیادہ درجۂ حرارت درج کیا گیا ہے۔ شدید گرمی کی لہر جنوبی یورپ کو اپنی زد میں لے رہی ہے۔ اسپین کی ریاستی موسمیاتی ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جنوب مغربی صوبے ہیلوا کے شہر غرناطہ میں پیرکو درجہ حرارت ۴۵؍ ڈگری تک پہنچ گیا تھا۔ اس نے ۱۹۶۵ء کا ۴۵؍ ڈگری کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ جنوبی اسپین کے دیگر حصوں کو بھی شدید درجۂ حرارت کا سامنا کرنا پڑا، قرطبہ میں ۴۴؍ڈگری اورسیویل میں ۴۳؍ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسپین کے ۱۰۰؍سے زیادہ مانیٹرنگ اسٹیشنوں نے سال کی پہلی بڑی گرم لہر کے دوران ۴۰؍ ڈگری سے زیادہ درجۂ حرارت درج کیا ہے۔ شمال مشرقی اسپین میں بارسلونا نے جون میں ۳۷؍ ڈگری کا نیا ریکارڈ دیکھا ہے۔
امکان ہے گرمی کی لہر پورے ہفتے برقرار رہے گی، مشرقی ساحل، جنوب مغرب اور بیلیرک جزائر کے مشہور سیاحتی علاقے میں درجۂ حرارت ۴۰؍ ڈگری سے زیادہ رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کچھ یہی حال فرانس کا بھی ہے جہاں اس وقت سیاحت کا موسم ہے لیکن سیاحوں کو بھی غیرمتوقع اور شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ منگل کو پیرس کا درجہ حرارت ۳۹؍ ڈگری کے آس پاس ریکارڈ ہوا ہے۔