کربلا میں روضہ امام حسین علیہ السلام پر زائرین کی میزبانی کے لئے بھرپور تیاریاں
کربلا میں روضہ امام حسین علیہ السلام پر زائرین کی میزبانی کے لئے بھرپور تیاریاں
امام حسین علیہ السلام کے ایام عزا کی آمد کے ساتھ ہی عراق کے ذمہ دار اداروں نے بالخصوص مقدس شہر کربلا میں سیکورٹی، صحت اور خدماتی اداروں کے ساتھ مل کر روز عاشورہ کے عزائی پروگرام کے انعقاد اور زائرین حسینی کے استقبال کے لئے خصوصی تیاریاں کی ہیں۔
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی رپورٹ پر توجہ دیں
ماہ محرم کے پہلے عشرہ میں امام حسین علیہ السلام کے زائرین کی تعداد میں اضافہ کے ساتھ ہی عراقی وزارت داخلہ نے شہر کربلا میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے ایک جامع سیکیورٹی پلان کی تکمیل کا اعلان کیا۔
سرکاری عراقی خبر رساں ایجنسی (واع) کے مطابق عراقی وزیر داخلہ نے اعلی سیکورٹی کمانڈروں اور حاضر سروس اہلکاروں کے ایک وفد کی سربراہی میں مقدس شہر کربلا کا دورہ کیا اور طے شدہ منصوبوں پر عمل در آمد کی نگرانی کرتے ہوئے حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانے کے احکامات جاری کئے۔
عراقی وزارت داخلہ کے انفارمیشن ڈائریکٹر مقداد میری نے اس بات پر زور دیا کہ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام اور حضرت ابو الفضل العباس علیہ السلام کے روضوں کی جانب جانے والے تمام راستے معائنہ اور ٹریفک کنٹرول یونٹس کی حفاظت میں ہیں اور شہری دفاع، انٹیلی جنس اور سیکورٹی فورسز مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنا مشن انجام دے رہے ہیں۔
حفاظتی اقدامات کے علاوہ محکمہ صحت کربلا نے یہ بھی اعلان کیا کہ 55 ہیلتھ انفیکشن ٹیموں نے خوراک کی تقسیم کے مراکز کی صحت کو کنٹرول کرنے کا مشن شروع کر دیا ہے۔
میڈل ایسٹ نیوز کی رپورٹ کے مطابق ان ٹیموں نے کئی ٹن پرانے اور نامناسب مواد کی نشاندہی کر کے اسے تلف کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سبیلوں اور مذہبی انجمنوں میں پینے کے پانی اور کھانے کی تیاری کے مراکز کی نگرانی کو تیز کیا ہے۔
اس کے علاوہ سرکاری ذرائع کے مطابق "بصرہ” اور "ذی قار” کے گورنروں نے جمعرات 7 محرم کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ حضرت ابو الفضل عباس علیہ السلام سے مخصوص مجالس میں لوگ آسانی سے شرکت کر سکیں۔
مربوط اور فیلڈ ورک پر مبنی اقدامات کا ایک سلسلہ زائرین کی حرمت کو برقرار رکھنے اور اہل بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کی حاضری کو آسان بنانے کے لئے ضروری ارادے کا مظاہرہ کرتا ہے اور جیسا کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ کربلا کی فضا پرجوش زائرین کے ایک ہجوم کی میزبانی کے لئے تیار ہے جو غم اور امید سے لبریز دلوں کے ساتھ سید الشہداء علیہ السلام کے روضہ مبارک کی جانب جا رہے ہیں۔