پاکستان

بھارت میں شیعہ پرسنل لا بورڈ کی مودی سے عاشورہ کے جلوسوں کو تحفظ دینے کی اپیل

بھارت میں شیعہ پرسنل لا بورڈ کی مودی سے عاشورہ کے جلوسوں کو تحفظ دینے کی اپیل

بھارت کی آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ نے وزیرِاعظم نریندر مودی کو ایک باقاعدہ خط لکھا ہے، جس میں محرم کے دوران عزاداری اور جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی اور سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ محرم کا مہینہ ملک کے لاکھوں شیعہ مسلمانوں کے لیے بہت اہم مذہبی موقع ہے، اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان تقریبات کو پُرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد ہونے دیا جائے۔

بورڈ نے اپنی اپیل میں ریاستی حکومتوں کو ہدایت دینے کا مطالبہ کیا ہے کہ وہ عاشورہ کے جلوسوں کے لیے روایتی اور تاریخی راستوں کو بحال رکھیں، اور پانی، بجلی، صفائی اور بنیادی سہولیات فراہم کریں۔ خاص طور پر شدید گرمی کے پیش نظر مناسب حفاظتی انتظامات بھی کرنے پر زور دیا گیا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ محرم صرف شیعہ مسلمانوں کا مذہبی موقع نہیں، بلکہ یہ ایک انسانیت سے جڑی ہوئی یادگار ہے، جس میں انصاف اور ظلم کے خلاف آواز بلند کی جاتی ہے۔ اس موقع پر ملک کے دوسرے مذاہب جیسے ہندو، سکھ اور عیسائی بھی یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔

بھارت کے مختلف شہروں اور علاقوں میں محرم کی تیاریاں زوروں پر ہیں، جہاں اہلِ بیتؑ کے پیروکار مجالس، جلوس، تکیے اور دیگر عزاداری کی رسومات کی تیاری کر رہے ہیں، تاکہ امام حسینؑ کی شہادت کی یاد تازہ کی جا سکے، جو قربانی اور اصلاح کی علامت ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button