پاکستان:حویلیاں میں سیلابی ریلے میں بہہ کر دو بچے جاں بحق
پاکستان:حویلیاں میں سیلابی ریلے میں بہہ کر دو بچے جاں بحق
ملک بھر میں پری مون سون بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آگئی ہے جس کے باعث نہ صرف دریائے سوات میں افسوسناک واقعہ پیش آیا بلکہ ضلع ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں میں بھی 2 بچے آبی ریلے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ایبٹ آباد میں طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بھپر گئے ہیں، تیز بارش کے باعث حویلیاں میں ندی دوڑ کے مقام پر آبی ریلے کی زد میں آکر 2 بجے جاں بحق ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں ہیں جب کہ بچوں کی شناخت سیف اور فاتحہ کے ناموں سے ہوئی۔
ایبٹ آباد شہر میں تیز بارش کے باعث اطراف کی آبادیوں میں بھی پانی جمع ہوگیا ہے جس سے مقامی افراد کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق گلیات میں بھی درخت کار پر گرنے سے سڑک بند ہو گئی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش کے باعث دریائے سوات بپھر گیا جس کے نتیجے میں 7 مقامات پر خواتین اور بچوں سمیت 75 سے زائد افراد دریا میں بہہ گئے، جن میں سے 10 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں اور 55 سے زائد افراد کو ریسکیو کرلیا گیا جب کہ 20 سے زائد کی تلاش جاری ہے۔