ماتمی انجمنیں اور حسینی شعائر

جموں و کشمیر میں انجمنِ شرعی کے زیر اہتمام یومِ علی اصغر کا انعقاد

جموں و کشمیر میں انجمنِ شرعی کے زیر اہتمام یومِ علی اصغر کا انعقاد

جموں کشمیر انجمنِ شرعی شیعیان دار المصطفٰی کے زیر اہتمام مرکزی امام باڑہ بڈگام، قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر، امام باڑہ یاگی پورہ ماگام ،امام باڑہ گامدو ،جامع مسجد نوگام سوناواری کے علاؤہ انجمن کے زیر انتظام جمعہ مراکز پر ’’یوم علی اصغر ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماؤں نے اپنے شیر خوار اور کمسن بچوں کو حضرت علی اصغر علیہ السلام سے منسوب لباس پہنا کر فرشِ عزاء پر لایا اور اپنے بچوں کو امام زمانہ علیہ السلام کی نصرت اور مدد کے لئے ان کی حفاظت میں دیتے ہوئے اس بات کا عہد کیا کہ ظہور کے وقت ان کا فرزند امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کا سپاہی بن کر ان کا ساتھ دے گا۔

ان مجالس میں خواتین کی بھاری تعداد بالخصوص شیر خوار بچوں کی ماؤں نے اپنے ننھے شیر خوار بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔

اس موقع پر حوزہ علمیہ مکتبہ الزھراء حسن آباد سرینگر کی معلمات اور حوزہ علمیہ قم سے فارغ التحصیل طالبات نے معرکہ کربلا میں خواتین اور اطفال کے کردار کی وضاحت کرتے ہوئے حضرت علی اصغرؑ کی جگر سوز شہادت کا پس منظر اور پیش منظر بیان کیا۔

معلمات نے کربلا کی خواتین کے عزم و ثبات کو سلام پیش کرتے ہوئے حضرت علی اصغرؑ کی شہادت کو سانحہ کربلا کا سب سے بڑا روح فرسا پہلو قرار دیا۔

حضرت علی اصغر کے واقعہ شہادت کی وضاحت کرتے ہوئے معلمات نے کہا کہ کربلا کے اس شیر خوار کی شہادت رہتی دنیا تک یزید اور یزیدی اقدام کا دفاع کرنے والی فکرو سوچ کو دنداں شکن جواب ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس معصوم شیر خوار کی شہادت نے دنیا پر واضح کیا کہ کربلا میں امام حسین کے مدمقابل قوت اور ان کے سرپرست مسلمان تو دور کی بات انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں۔ اس موقع پر کئی خواتین ذاکرات نے مرثیہ خوانی کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button