آ گیا ماہ محرم :بر صغیر ہند و پاک میں بھی عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا
آ گیا ماہ محرم :بر صغیر ہند و پاک میں بھی عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا
محرم 1447 ہجری کا چاند فلک پر نمودار ہوتے ہی پوری دنیا میں امام حسین علیہ السلام کی فرش عزا بچھ گئی۔
دنیا کے دوسرے ملکوں کی طرح بر صغیر ہند و پاک میں بھی عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
پاکستان میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان سمیت پورے ملک میں عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
کراچی میں مرکزی عشرہ مجالس علامہ سید عقیل الغروی خطاب فرما رہے ہیں۔ علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے بھی عشرہ مجالس کے پہلی مجلس کو خطاب کیا۔
ہندوستان کے بھی تمام چھوٹے بڑے شہروں میں عزاداری اور مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ممبئی میں مغل مسجد میں امام جماعت مولانا سید نجیب الحسن زیدی اور مولانا مرزا اعجاز اطہر پروفیسر شیعہ کالج لکھنو نے چاند رات کی مجلس خطاب فرمائی۔ امام باڑہ زینبیہ میں مولانا مرزا جعفر عباس، کیسر باغ ہال میں مولانا عابد بلگرامی اور خوجہ مسجد میں مولانا سید صفی حیدر نے عشرہ مجالس کی پہلی مجلس کو خطاب کیا۔
دہلی میں شاہ مرداں، مزار شہید رابع سمیت تمام عزا خانوں میں چاند رات کی مجلس منعقد ہوئی۔
حیدرآباد میں عاشور خانوں اور مومنین کے گھروں میں عشرہ مجالس کا آغاز ہو گیا۔
محرم کا چاند نمودار ہوتے ہی شہر عزا لکھنو میں مجالس کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ آج یکم محرم الحرام کو گذشتہ برسوں کی طرح امسال بھی دنیا کی سب سے بڑی امام بارگاہ "بڑا امام باڑہ” سے ضریح مبارک کا جلوس برآمد ہوگا۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں عزادار شرکت کریں گے۔