شیعہ مرجعیت

خمس سہم سادات اور سہم امام دونوں فقیہ جامع الشرائط کو دینا ہوگا یا جس کو انہوں نے اجازت دی ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

خمس سہم سادات اور سہم امام دونوں فقیہ جامع الشرائط کو دینا ہوگا یا جس کو انہوں نے اجازت دی ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور جمعرات 22 ذی الحجہ 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: خمس کے سلسلہ میں استثنی نہیں ہے۔ لہذا جس طرح امام معصوم علیہ السلام کی موجودگی میں خمس سہم امام اور سہم سادات امام معصوم علیہ السلام کو دیتے تھے یا ان سے اجازت لیتے تھے۔ شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ سے لے کر آج تک کے فقہاء کے معروف نظریہ کے مطابق اسے فقیہ جامع الشرائط کو دینا ہوگا یا جس کو انہوں نے اجازت دی ہے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے مزید فرمایا: زکوۃ براہ راست مستحق کو دے سکتے ہیں لیکن خمس کے سلسلہ میں چاہے سہم امام ہو یا سہم سادات ہو اسے فقیہ جامع الشرائط کو دینا ہوگا۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امام معصوم علیہ السلام اور فقیہ جامع الشرائط کے اختیارات کے سلسلہ میں فرمایا: ایک فقیہ کو صرف شرعی رقومات پر ولایت اور انتظام کا حق حاصل ہے۔ لیکن ملکیت کا حق حاصل نہیں ہے۔ تاہم معصوم امام علیہ السلام حقِّ ولایت کے علاوہ شرعی رقومات کے مالک بھی ہیں۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ فقیہ جامع الشرائط کے اختیارات روایات پر مبنی ہیں جو اس نکتہ پر دلالت کرتی ہیں، فرمایا: بعض فقہاء نے سہم سادات کے سلسلہ میں براہ راست ادا کرنے کی اجازت دی ہے لیکن روایات سے جو بات سمجھ میں آتی ہے وہ یہ ہے کہ سہم سادات اور سہم امام علیہ السلام دونوں فقیہ جامع الشرائط کو دینا ہوگا۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے خدا اور معصومین علیہم السلام کی ملکیت کے سلسلہ میں فرمایا: جب آپ زمین یا مکان خریدتے ہیں تو اس کے مالک ہوتے ہیں تو جس طرح وہ اللہ کی ملکیت ہے اسی طرح امام معصوم کی بھی ملکیت ہے اور خدا اور معصوم امام علیہ السلام کی ملکیت انسانی ملکیت کے عرض میں نہیں ہے بلکہ طول میں ہے۔ لہذا جس طرح اصل ملکیت خدا کی ہے اسی طرح امام معصوم علیہ السلام کی بھی ہے۔ اور یہ حکم انسان کی تمام املاک میں شامل ہے۔ جیسا کہ روایات میں ہے "من احيا ارضا فهي له” جو کسی زمین کو زندہ کرے وہ اس کا مالک ہے۔ یا "الارض لله ولمن عمّرها” زمین اللہ کی ملکیت ہے اور جس نے اسے زندہ کیا ہے۔ یہاں بھی انسان کے علاوہ خدا اور معصوم علیہ السلام بھی زمین کے مالک ہیں۔

واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button