پاکستان میں پولیو کا نیا کیس سامنے آ گیا
پاکستان میں پولیو کا نیا کیس سامنے آ گیا
پاکستان بھر میں پولیو کا نیا کیس سامنے آ گیا، جس کے بعد رواں سال اب تک ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق پولیو کیس جنوبی خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں سے رپورٹ ہوا، جہاں کی یونین کونسل شمسی خیل میں 33 ماہ کا بچہ پولیو سے متاثر ہوا۔
قومی ادارہ صحت نے پولیو کے نئے کیس کی تصدیق کر دی، واضح رہے کہ رواں برس اب تک ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 12 ہو گئی، خیبر پختونخوا میں اس سال پولیو کے 6 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ سندھ سے 4، پنجاب اور گلگت بلتستان سے ایک، ایک پولیو کیس سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں ننانوے فیصد سے زائد کمی واقع ہو چکی ہے، پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم ذاتی طور پر انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 14 جون کو پولیو کی جانچ کے لیے ملک بھر سے مئی میں جمع کیے گئے 116 ماحولیاتی نمونوں میں سے 47 میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق 69 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی، پولیو وائرس 34 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا تھا۔
سندھ کے 14 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، خیبرپختونخوا کے 8، بلوچستان کے 6، پنجاب کے 4 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔