ہفتہ ولایت کے عنوان سے امام باڑہ جنت مآب میں محفل منعقد

عید غدیر منانے والوں کے مال میں خدا برکت دیتا ہے: مولانا شفیق عابدی
ہفتہ ولایت کے عنوان سے امام باڑہ جنت مآب میں محفل منعقد
لکھنو۔ ہفتہ ولایت کے عنوان سے "غدیر سے مباہلہ تک” امام باڑہ جنت مآب المعروف سید تقی صاحب میں محفل منعقد ہوئی۔
محفل مقاصدہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نظامت کے فرائض مولانا تصور حسین کانپوری نے انجام دیا۔ جناب نایاب اور جناب شکیل صاحبان نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محفل کو خطاب کرتے ہوئے مولانا شفیق عابدی نے کہا کہ درحقیقت غدیر کا دن آل محمد علیہم السلام کے لئے عید اور جشن منانے کا دن ہے۔
اسی وجہ سے اہل بیت علیہم السلام کی جانب سے خاص طور پر اس دن جشن و سرور کا اظہار اور عید منانے پر زور دیا گیا ہے۔ امام علی رضا علیہ السلام نے فرمایا: یہ دن اہل بیت علیہم السلام کی عید کا دن ہے۔ جو شخص اس دن عید منائے، خداوند عالم اس کے مال میں برکت عطا کرتا ہے۔ غدیر کے دن آپ اپنے بعض خاص اصحاب کو افطار کے لئے دعوت دیتے۔ ان کے گھروں میں عیدی اور تحفے بھیجتے اور اس دن کے فضائل کے سلسلہ میں خطبہ ارشاد فرماتے۔ مولانا شفیق عابدی نے آخر میں کہا کہ غدیر کے واقعہ سے ایک اور بات جو سمجھ میں آتی ہے وہ یہ ہے کہ امیر المومنین علیہ السلام نے خلافت کے شروعاتی چند برسوں میں ہی یہ واضح کر دیا کہ ان کی نظر میں ترجیح الہی و اسلامی عدل و انصاف کا قیام ہے یعنی انصاف یعنی اس مقصد کی تکمیل جسے قرآن کریم نے، انبیاء علیہم السلام کی بعثت، آسمانی کتابوں اور شریعتوں کے نزول کی وجہ قرار دی ہے۔ اگر آج دنیا کے مسلمان اور اسلامی ملکوں کی حکام اسلامی ولایت کا نعرہ لگانے لگیں تو اسلامی امت کے بہت سے مسائل اور اسلامی ملکوں کی بہت سی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔