ہفتہ ولایت کے عنوان سے محفل امام باڑہ جنت مآب میں منعقد
لکھنو۔ ہفتہ ولایت کے عنوان سے امام باڑہ جنت مآب المعروف سید تقی صاحب میں محفل منعقد ہوئی۔ محفل مقاصدہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نظامت کے فرائض مولانا تصور حسین کانپوری نے انجام دیا، شعراء جناب ہلال رضوی اور جناب میر شاہ رضوان نے بارگاہ مولائے غدیر میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
محفل کو خطاب کرتے ہوئے مولانا نسیم حیدر خان نے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ کے بعد ایک ایسی معصوم شخصیت کا ہونا ضروری ہے جو ان کے راستے کو آگے بڑھائے اور ان کے اغراض و مقاصد کو لوگوں تک پہنچائے اور کم سے کم دین و شریعت کے ارکان اور مجموعہ کی پاسداری کرے۔ جیسا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ نے اپنے بعد کے لئے ان چیزوں کے لئے جانشین معین کیا اور ہمارے زمانہ میں ایسی شخصیت حضرت امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف ہیں۔
مولانا نسیم حیدر خان نے آخر میں کہا کہ غدیر اور جشن غدیر شیعت کی نشانی ہے اور در حقیقت غدیر کا واقعہ اس پیغام کا اعلان کرتا ہے کہ حق حضرت علی علیہ السلام اور آپ کی اولاد کی محوریت میں ہے اور اسی کے ساتھ عہد و پیمان کریں تاکہ کامیابی حاصل ہو جائے۔ غدیر سے ایک پیغام یہ بھی ملتا ہے کہ غدیر حق و حقانیت کا بین ثبوت ہے اور اسے ہر انسان کو پہنچانے کے لئے ہمیشہ کوشش کرنا چاہیے اور حق بیان کرنے میں کوتاہی سے کام نہیں لینا چاہیے۔