عید غدیر؛ ہماری شناخت، ہماری پہچان، ہماری سعادت اور ہماری نجات ہے: مولانا سید روح ظفر رضوی
عید غدیر؛ ہماری شناخت، ہماری پہچان، ہماری سعادت اور ہماری نجات ہے: مولانا سید روح ظفر رضوی
ممبئی۔ خوجہ شیعہ اثناء عشری جامع مسجد پالا گلی میں 13 جون 2025 کو نماز جمعہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید روح ظفر رضوی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
مولانا سید روح ظفر رضوی نے نمازیوں کو تقوی الہی کی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا: تقوی الہی کا حکم امیر المومنین امام علی علیہ السلام نے دیا ہے اور آپ نے تقوی اور اطاعت کی اہمیت کے پیش نظر قسم کھا کر فرمایا: "میں اس وقت تک تم کو کسی بات کا حکم نہیں دیتا جب تک کہ اس پر خود عمل نہ کر لوں اور میں تمہیں کسی بات سے اس وقت تک نہیں روکتا جب تک کہ اس کام سے خود نہ روک لوں۔”
مولانا سید روح ظفر رضوی نے مزید فرمایا: اگر امیر المومنین امام علی علیہ السلام کسی کام کا حکم دے رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ خدا اس کام سے راضی ہے اور اگر کسی کام سے روک رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ خدا اس کام سے ناراض ہے۔ یہی حقیقی تقوی ہے۔
انسان کی دو زبان کے نقصان کے سلسلہ میں مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی حدیث ہے کہ "انسان کی ایک زبان ہو۔” کیونکہ دو زبان منافقت کی علامت ہے اور اس سے سماج میں برائیاں پھیلتی ہیں۔ اعتبار و اتحاد اور محبت ختم ہو جاتی ہے۔
عید غدیر کے جشن اور خوشی کے سلسلہ میں مولانا سید روح ظفر رضوی نے فرمایا: عید غدیر ہماری شناخت، ہماری پہچان، ہماری سعادت اور ہماری نجات ہے۔ اس عید میں اس طرح خوشی منائیں، جشن منائیں، جلوس نکالیں کہ جو لوگ امیر المومنین علیہ السلام سے دور ہیں وہ ہمارے عمل کے ذریعہ ان سے نزدیک ہو جائیں۔