پاکستان

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد 227 ہوگئی

غزہ میں اسرائیلی بمباری سے جاں بحق ہونے والے صحافیوں کی تعداد 227 ہوگئی

غزہ کے سرکاری اطلاعاتی دفتر نے منگل کے روز بتایا کہ ایک اسرائیلی فضائی حملے میں صحافی مؤمن محمد ابو العوف ہلاک ہوگئے، جس کے بعد 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی جنگ کے دوران جاں بحق ہونے والے فلسطینی صحافیوں کی مجموعی تعداد 227 تک پہنچ گئی ہے۔

دفتر کے بیان کے مطابق ابو العوف، جو مختلف میڈیا اداروں کے ساتھ بطور فوٹوگرافر کام کر رہے تھے، مشرقی غزہ میں ایک انسانی مشن کے دوران بمباری کا نشانہ بنے۔ اس حملے میں ان کے ساتھ تین امدادی کارکن بھی ہلاک ہوئے۔

بیان میں اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینی صحافیوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی گئی اور اسے "منظم کارروائی” قرار دیا گیا۔ دفتر نے کہا کہ صحافیوں کو قتل کرنے کا مقصد غزہ میں جاری جنگی جرائم پر پردہ ڈالنا ہے۔

اطلاعاتی دفتر نے بین الاقوامی فیڈریشن آف جرنلسٹس، عرب صحافیوں کی یونین اور دنیا بھر کی صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کے خلاف ہونے والے ان حملوں کی مذمت کریں اور ان کے ذمہ داروں کو بین الاقوامی عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ مزید یہ کہ عالمی برادری فوری طور پر مؤثر اقدامات کرے تاکہ ان ہلاکتوں کو روکا جا سکے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو بھی صحافی احمد قلجہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے، جس سے ہلاک ہونے والے صحافیوں کی تعداد اُس وقت 226 ہو گئی تھی، جو اب ابو العوف کی ہلاکت کے بعد 227 ہو چکی ہے۔

غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کو بیس ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے، جن میں اب تک 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ مزید برآں، 11 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں اور علاقے میں قحط، بے گھر ہونے اور دیگر شدید انسانی بحران جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button