فرانس میں یکم جون سے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی نافذ
فرانس میں یکم جون سے عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی نافذ
فرانس نے بروز اتوار، یکم جون 2025 سے ایک نیا قانون نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت کئی عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوامی صحت کو فروغ دینا اور بچوں کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے بچانا ہے۔
قانون کے مطابق، اُن تمام مقامات پر سگریٹ نوشی ممنوع ہوگی جہاں بچوں کی موجودگی کا امکان ہوتا ہے، جیسے کہ ساحل سمندر، عوامی پارک، ریلوے اور بس اسٹیشن، اور کھیلوں کے میدان۔ یہ پابندی فرانس کی حکومت کی جانب سے نومبر 2023 میں متعارف کروائی گئی "قومی تمباکو مخالف حکمت عملی” کا حصہ ہے۔
فرانسیسی وزارت صحت کے مطابق، اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 135 یورو تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
فرانسیسی وزیر صحت، کیتھرین فیترن، نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت وہ "تمباکو سے پاک نسل” تیار کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بچوں کو براہ راست یا بالواسطہ سگریٹ نوشی کے مضر اثرات سے بچانا اس قانون سازی کی اہم وجوہات میں شامل ہے۔
اگرچہ فی الحال الیکٹرانک سگریٹس (ویپنگ) کے استعمال پر انہی مقامات پر پابندی نہیں لگائی گئی، تاہم حکومت مستقبل میں اس کے حوالے سے بھی سخت قوانین متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جن میں نیکوٹین کی مقدار میں کمی اور دستیاب فلیورز کی اقسام کو محدود کرنا شامل ہوگا۔
یاد رہے کہ فرانس میں تمباکو نوشی کی وجہ سے ہر سال تقریباً 75 ہزار افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں، جس کے باعث تمباکو کے خلاف جنگ قومی سطح پر صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔