پوری دنیا میں امام محمد تقی علیہ السلام کا عشرہ شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
پوری دنیا میں امام محمد تقی علیہ السلام کا عشرہ شہادت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے
امام محمد تقی علیہ السلام کے عشرہ شہادت میں عراق اور ایران کے مقدس شہروں کاظمین، کربلا سے لے کر نجف سامرا، مشہد اور قم تک میں سب سے زیادہ عزاداری اور زائرین کی کثرت قابل مشاہدہ ہے۔
ان ایام کو مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کی سفارش پر امام محمد تقی علیہ السلام کی یاد میں خصوصی عشرہ کے طور پر منایا جاتا ہے۔
اس سلسلہ میں ہمارے ساتھی رپورٹر کی رپورٹ پر توجہ دیں۔
ماہ ذی القعدہ کے آخری ایام قریب آتے ہی عالم تشیع خصوصا عراق اور ایران میں امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت پر عالم اسلام غم مناتا ہے۔
عراق کے شہر بغداد اور کاظمین میں وسیع حفاظتی اقدامات انجام پائے ہیں۔
فرات نیوز کے مطابق بغداد آپریشنز ہیڈ کوارٹر کے کمانڈر نے کاظمین کے فیلڈ وزٹ کے دوران حفاظتی اقدامات کو تیز کرنے اور تمام امدادی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنے کا حکم جاری کیا۔
اس شہر میں شب 21 ماہ ذی القعدہ امام محمد تقی علیہ السلام کے عشرہ شہادت کی مناسبت سے امام موسی کاظم علیہ السلام اور امام محمد تقی علیہ السلام کے مقدس گنبد پر سیاہ پرچم نصب کئے گئے اور زائرین نے مجالس عزا منعقد کر کے اہل بیت اطہار علیہم السلام کی خدمت میں خراج عقیدت پیش کیا۔
"واع” کے مطابق بغداد کے گورنر نے منگل کو یوم شہادت امام محمد تقی علیہ السلام کے موقع پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے تاکہ عزاداری کے پروگرام میں لوگ کثیر تعداد میں شرکت کریں۔
کربلا معلی میں امام حسین علیہ السلام اور حضرت عباس علیہ السلام کے روضوں پر عراق کے مختلف علاقوں اور بیرون ملک سے زائرین اور انجمن ہائے ماتمی کی حاضری قابل دید ہے۔
شیعہ خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کربلا میں امام محمد تقی علیہ السلام کے یوم شہادت پر جلوس شبیہ تابوت امام محمد تقی علیہ السلام برآمد ہو گا۔
نجف، سامرا، مشہد اور قم میں بھی عزاداری کے پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں جن میں علماء، طلاب اور مومنین شرکت کر رہے ہیں۔
حوزہ علمیہ قم نے بھی خصوصی مجالس عزا منعقد کر کے امام محمد تقی علیہ السلام کی مظلومیت کو احیاء کرنے میں زیادہ فعال کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر بیت مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ میں بھی مجالس عزا منعقد ہوگی۔
اس کے علاوہ کربلا، نجف، دمشق، بیروت، کویت، لندن، لاس اینجلس، سڈنی، کراچی اور کابل سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی سے وابستہ ثقافتی اور مذہبی مراکز میں متعدد مجالس عزا منعقد ہوں گی، جن میں با معرفت تقاریر اور مومنین میں نذر تقسیم ہوگی۔
یہ عشرہ اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو آنے والی نسلوں تک منتقل کرنے اور تحریف شدہ تاریخ سے مذہبی رہنماؤں کی بے گناہی کو بچانے کا موقع ہے۔