طالبان کی زیرِ انتظام وزارت برائے محنت و سماجی امور کے تحت کام کرنے والی نرسریوں کی انتظامیہ نے کابل میں متعدد نرسریوں کی خواتین اساتذہ اور کارکنان کی 120 سے زائد ملازمتیں ختم کردی ہیں۔
مقامی میڈیا کو حاصل شدہ فہرست کے مطابق، تمام متاثرہ خواتین جن میں سے بیشتر سرکاری اسکولوں اور ہسپتالوں کے ساتھ منسلک نرسریوں میں کام کر رہی تھیں، جبکہ علاقہ "زیست” کی نرسریوں میں خواتین ملازمین کو بھی نوکریوں سے نکال دیا گیا ہے۔
باخبر ذرائع کے مطابق، سبکدوش کی گئی خواتین کی مجموعی تعداد 117 ہے، جبکہ ان اداروں کے کارکنان کو گذشتہ 3 ماہ سے بھی زیادہ عرصے سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں، جو ملک میں مشکل معاشی حالات اور خواتین کے لئے روزگار کے مواقع کی محدودیت کا باعث بن رہی ہیں۔
پہلے افغان حکومت کے تحت "محنت و سماجی امور کی وزارت” نے ملازمین کے بچوں کے لئے محفوظ ماحول فراہم کرنے، خاص طور پر خواتین کے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے کام کے مقامات پر نرسریوں کا قیام کیا تھا۔ لیکن اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے خواتین کا کام مختلف شعبوں میں محدود ہو گیا اور خواتین سے مختص کئی نرسریاں اور کام کی جگہیں بند ہو گئیں۔
یہ اقدام طالبان کی گذشتہ دو برسوں میں کئے گئے متعدد فیصلوں میں شامل ہے، جس نے خواتین کی عام زندگی، تعلیم، اور کاروبار تک رسائی کو کافی حد تک محدود کردیا ہے، جس سے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کی صورت حال کے حوالے سے بین الاقوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔