تحقیق: مسابقتی باڈی بلڈنگ اچانک قلبی موت کے بلند خطرے سے منسلک
یورپی ہارٹ جرنل میں شائع ہونے والی ایک نئی تحقیق کے مطابق مرد باڈی بلڈرز، خصوصاً پیشہ ور افراد، میں اچانک قلبی موت (Sudden Cardiac Death – SCD) کا خطرہ نمایاں حد تک زیادہ پایا گیا ہے۔ یہ تحقیق ان 20,286 مردوں کے ریکارڈز پر مبنی ہے جنہوں نے 2005 سے 2020 کے درمیان انٹرنیشنل فٹنس اینڈ باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ ان میں سے ہونے والی 121 اموات میں سے 38 فیصد کی وجہ اچانک قلبی موت تھی، اور پیشہ ور باڈی بلڈرز میں یہ خطرہ شوقیہ افراد کی نسبت پانچ گنا سے زیادہ تھا۔
یہ تحقیق اٹلی کی یونیورسٹی آف پادوا کے ڈاکٹر مارکو ویکیاتو کی سربراہی میں کی گئی، جس میں اس خطرے کی وجوہات میں شدید ورزش، تیزی سے وزن کم کرنے کے طریقے، اور ممکنہ طور پر کارکردگی بڑھانے والے ممنوعہ ادویات کے استعمال کو شامل کیا گیا ہے۔ بعض پوسٹ مارٹم رپورٹس میں دل کا سائز بڑا ہونے اور کورونری شریانوں کی بیماری کی علامات بھی پائی گئیں۔
مطالعہ میں صحت کے حوالے سے آگاہی بڑھانے، باقاعدہ قلبی معائنے، اور انسدادِ منشیات کے سخت اقدامات پر زور دیا گیا ہے۔ تحقیق میں باڈی بلڈنگ کمیونٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ظاہری جسمانی ساخت سے زیادہ صحت کو ترجیح دے۔ محققین نے خواتین باڈی بلڈرز اور اس کھیل میں طویل المدتی صحت کے رجحانات پر مزید تحقیق کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔