
ممبئی-گوا قومی شاہراہ پر کھیڈ کے قریب ایک دل دہلا دینے والا سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک کار جگ بوڈی ندی کے پل سے نیچے جاگری۔ اس افسوسناک حادثے میں پانچ افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ ڈرائیور شدید زخمی ہوا۔ ہلاک شدگان کا تعلق ممبئی کے مضافاتی علاقے میرا بھائندر سے بتایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، میرا بھائندر کے دو خاندان پیر کی شب ساڑھے گیارہ بجے اپنے آبائی گاؤں دیورُکھ، متالی مورے کے والد کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ صبح تقریباً چار سے پانچ بجے کے درمیان، بھرنے ناکہ کے قریب کار کا توازن بگڑ گیا اور وہ ندی کے پل سے نیچے جاگری۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت میدھا پرمیش پراڈکر، سوربھ پرمیش پراڈکر، متالی وویک مورے، نہار وویک مورے اور شریاس ساونت کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر پولیس اور ایمبولینس کو اطلاع دی۔ شدید زخمی پرمیش پراڈکر اور وویک مورے کو کھیڈ سے رتناگیری ضلع اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پانچ افراد کا ایک ساتھ جاں بحق ہونا پورے علاقے کو سوگوار کر گیا ہے۔