ایمان، صبر اور جذبے کا سفر: بیلجیئم کا نوجوان سائیکل پر حج کے لیے سعودی عرب پہنچ گیا

بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ نوجوان انس الرزقی نے حج کی ادائیگی کے لیے ایمان، عزم اور صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4500 کلومیٹر کا طویل سفر سائیکل پر طے کر کے سعودی عرب پہنچنے کا عظیم کارنامہ انجام دیا۔ انس نے یہ روحانی سفر رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں روزے کی حالت میں شروع کیا اور روزانہ تقریباً 100 کلومیٹر سائیکل چلائی۔ وہ آسٹریا، اٹلی، بوسنیا سمیت کئی یورپی ممالک سے گزرتے ہوئے مکہ مکرمہ کی جانب روانہ ہوئے۔
انس نے دوران سفر اکثر راتیں مساجد میں بسر کیں اور ہر قسم کی جسمانی تھکن اور مشکلات کے باوجود اپنے جذبے کو کمزور نہ ہونے دیا۔ سعودی عرب کے حلّت عمار بارڈر پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں انہیں پھول اور عربی قہوہ پیش کیا گیا۔
انس الرزقی کا کہنا تھا کہ یہ سفر ان کے لیے ایک خواب اور نعمت سے کم نہیں۔ اس سے قبل اسپین سے بھی تین نومسلم افراد، عبدالقادر، عبداللہ اور طارق، گھوڑوں پر 8 ہزار کلومیٹر کا سفر طے کر کے حج کے لیے سعودی عرب پہنچے، جو اسلام قبول کرنے کے 35 سال بعد اپنی دیرینہ خواہش پوری کر رہے ہیں۔