پاکستان ؛ آئندہ تین سے چار روز کے دوران گرمی کی پہلی لہر کی توقع

محکمہ موسمیات پاکستان نے مئی 2025 کے وسط میں گرمی کی پہلی لہر کی پیش گوئی کی ہے جو آئندہ تین سے چار دنوں میں شروع ہونے کا امکان ہے۔ 15 سے 20 مئی کے دوران جنوبی علاقوں جیسے سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔ جبکہ بالائی علاقوں جیسے اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور شمالی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے 16 مئی کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کے سلسلے کی آمد کی پیش گوئی کی ہے، جو 19 یا 20 مئی کو بالائی علاقوں میں بارش، آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا سبب بن سکتی ہے۔
حکام نے عوام، خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو گرمی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ کاشت کاروں کو بھی موسم کے مطابق اقدامات کرنے اور جانوروں کو گرمی سے بچانے کی تلقین کی گئی ہے۔
بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے سے برف کے پگھلنے کی رفتار بڑھ سکتی ہے، جس سے ممکنہ طور پر دیگر ماحولیاتی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔