
ویٹی کن سٹی: کیتھولک چرچ کی تاریخ میں پہلی بار ایک امریکی کو پوپ منتخب کر لیا گیا ہے۔
کارڈینل رابرٹ فرانسس پریووست، جن کا تعلق امریکی شہر شکاگو، الی نوائے سے ہے، کو بطور 267ویں پوپ منتخب کیا گیا ہے، وہ "پوپ لیو چہار دہم” (Pope Leo XIV) کے نام سے جانے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ویٹی کن کے سسٹین چیپل سے سفید دھواں اٹھا، جو اس بات کا اشارہ تھا کہ انتخاب مکمل ہو چکا ہے، انتخابی عمل کے دوران 133 کارڈینلز بند کمرے میں اجلاس (Conclave) میں شریک تھے، اور کسی بھی امیدوار کو پوپ بننے کے لیے دو تہائی ووٹ درکار تھے۔
رابرٹ پریووست کی عمر 69 برس ہے، اور وہ ایک عالمی تجربہ رکھنے والے مذہبی رہنما ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر کا بڑا حصہ جنوبی امریکہ میں تبلیغی کاموں میں گزارا، وہ طویل عرصہ پیرو کے شہر تروہییو (Trujillo) میں بطور مشنری خدمات انجام دیتے رہے، اور بعد ازاں 2014 سے 2023 تک چکلایو (Chiclayo) کے بشپ کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں۔
پوپ بننے سے قبل وہ ویٹی کن کے طاقتور ادارے "ڈیکاسٹری فار بشپ” کے سربراہ تھے، جہاں وہ دنیا بھر کے بشپس کی تقرری کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کرتے تھے۔