ایشیاءخبریںہندوستان

ہندوستان : تیمور نگر میں ڈی ڈی اے کا آپریشن، 100 سے زائد مکانات مسمار، کئی خاندان بے گھر

دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) نے پیر کے روز ہائی کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے تیمور نگر میں تقریباً 100 مکانات مسمار کر دیے، جس کے نتیجے میں متعدد خاندان شدید صدمے اور غم کا شکار ہو گئے۔ عدالت نے ان مکانات کو "غیر قانونی تجاوزات” قرار دیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ جمعہ کے روز بارش اور آندھی کے بعد آنے والا سیلاب دراصل نالے میں رکاوٹوں کی وجہ سے پیدا ہوا، جس کے باعث پانی کی نکاسی ممکن نہ ہو سکی۔ عدالت نے ہفتے کو سنائے گئے فیصلے میں غیر قانونی تعمیرات کو ہٹانے سے روکنے سے انکار کر دیا۔

یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب مہارانی باغ کے کئی رہائشیوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ نالے پر کوڑا کرکٹ پھینکنے اور غیر قانونی تعمیرات کے باعث مون سون کے دوران ان کے علاقے میں بار بار پانی بھر جاتا ہے۔

ڈی ڈی اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ متاثرہ مکینوں کو پہلے ہی نوٹس جاری کیے گئے تھے اور انہیں علاقے کو خالی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم متعدد خاندانوں نے انکار کر دیا۔

اس کے بعد کم از کم 14 درخواستیں عدالت میں دائر کی گئیں، جن میں انہدامی کارروائی روکنے کی اپیل کی گئی تھی، لیکن عدالت نے یہ درخواستیں مسترد کر دیں۔

قریبی علاقوں کے بعض رہائشیوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اگرچہ یہ کارروائی تکلیف دہ ہے، مگر نالے کے بہاؤ میں رکاوٹ دور کرنے کے لیے ضروری تھی۔

مسماری کے دوران متاثرہ خاندان خاموشی سے اپنے گھروں کو ایک ایک کر کے گرتے دیکھتے رہے، اس بے یقینی میں کہ اب ان کے لیے آگے زندگی کیسی ہوگی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button