لوگوں کے ساتھ انصاف سے پیش آنا سب سے اہم ہے، اس کا خدا نے اپنے بندوں کو حکم دیا ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ نے لوگوں کے ساتھ حسن سلوک کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے فرمایا: یہ سب سے اہم الہی ذمہ داریوں اور فرائض میں سے ہے جس کی ہر سطح پر خواہ فردی ہو یا سماجی یا حکومتی، اس کی پابندی ضروری ہے۔
یہ بات دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی دام ظلہ کی رسمی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مختصر بیان میں سامنے آئی، جس میں انہوں نے امام معصوم علیہ السلام سے منقول ایک حدیث پیش کی کہ "اللہ تعالی نے اپنے بندوں پر جو سب سے اہم چیز عائد کی ہے کہ وہ لوگوں کے ساتھ انصاف کریں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے وضاحت کی کہ اللہ تعالی نے مرد اور عورت کو پیدا کیا۔ انہیں مختلف صلاحیتوں اور توانائیوں سے نوازا اور ان پر ایک دوسرے کی ذمہ داریاں عائد کی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان فرائض میں سب سے اہم اور انتہائی اہمیت کا حامل یہ ہے کہ دوسروں کے ساتھ انصاف کرنا یعنی بدلے میں کسی چیز کی توقع کئے بغیر لوگوں کے حقوق کو ادا کرنا ہے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: لوگوں کی اکثریت دوسروں سے اپنے حقوق کا مطالبہ کرتی ہے لیکن چند لوگ دوسروں کے تئیں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے ہر سطح پر اس الہی حکم کی پابندی کرنے پر زور دیا خاص طور پر ان حکومتوں اور اداروں کی جانب سے جو اپنے لوگوں کے تئیں زیادہ ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ اور اہل بیت اطہار علیہم السلام کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کے لئے مسلسل دعوت دے رہے ہیں، کیونکہ وہ دنیا اور آخرت میں سماجی انصاف اور انسانی سعادت کو یقینی بنانے کے لئے نمونہ عمل ہیں۔