خبریںہندوستان

جامعۃ الامام امیرالمؤمنین (ع) ممبئی میں جشنِ ثامن الائمہ اور عمامہ گذاری کی پُروقار تقریب، مولانا عابدی کا اصلاحِ نظامِ مدارس پر زور

ممبئی: جامعۃ الامام امیرالمؤمنین (ع) نجفی ہاؤس میں امام رضا علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے سالانہ جشنِ ثامن الائمہ اور طلاب کی عمامہ گذاری کی ایک پُروقار اور روح پرور تقریب منعقد ہوئی۔ اس عظیم الشان پروگرام میں دینی تعلیم سے وابستہ اساتذہ، علماء کرام، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کے بعد طلاب کی دست جمعی تلاوت اور روح پرور تواشیح نے محفل کو معطر کر دیا۔ جشن کے دوران صفِ ثامن کے طلبہ کو "ردائے مسئولیت” سے سرفراز کیا گیا، جب کہ صفِ عاشر سے فارغ التحصیل ہونے والے طلاب کی شایانِ شان عمامہ پوشی کی گئی، جو علماء کرام کے منصب کی جانب ان کے قدم کی علامت ہے۔

اس موقع پر تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو اسناد اور قیمتی انعامات سے بھی نوازا گیا، جس کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی رجحان کو مزید مستحکم بنانا تھا۔

پروگرام کی صدارت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے کی، جب کہ جامعہ کے دیگر ممتاز اساتذہ، جن میں حجۃ الاسلام والمسلمین سید ذکی حسن، سید کلب حسن، سید محمد قیصر، جوہر عباس خان، سید محمود حسن رضوی (قم)، سید حسن رضا، سید احسن اور مولانا سید روح ظفر شامل تھے، نے بھی خصوصی شرکت فرمائی۔

تقریب کے اختتام پر مولانا سید احمد علی عابدی نے اپنے خطاب میں مدارسِ علمیہ کی موجودہ صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر بروقت اصلاح نہ کی گئی تو آئندہ ایک دہائی میں دینی اور تبلیغی میدان میں شدید بحران کا سامنا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ: "جب دینی تعلیم کا مقصد دنیاوی مفادات کا حصول بن جائے، تو کامیابی کے دروازے بند ہو جاتے ہیں۔ ہمیں دین کی خدمت کو اصل مقصد بنانا ہوگا، نہ کہ لفافے، تنخواہیں یا ملازمتیں۔” انہوں نے مدارس کے ذمہ داران اور اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ طلاب کی علمی و دینی تربیت پر سنجیدگی سے توجہ دیں اور موجودہ مالی چیلنجز کے باوجود معیاری نتائج یقینی بنائیں۔

پروگرام کا اختتام مولانا عابدی کی دعائیہ کلمات پر ہوا، جن میں انہوں نے مدارس علمیہ کی کامیابی اور دین کی صحیح خدمت کے لیے بارگاہِ رب العزت میں دعا کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button