طالبان نے شیعہ ٹی وی چینل "راہ فردا" کی سرگرمیاں معطل کر دی

طالبان کی وزارت اطلاعات و ثقافت نے اعلان کیا کہ "راہ فردا” ٹیلی ویژن چینل کی سرگرمیاں اس کے ملازمین کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی شکایات کے باعث معطل کر دی گئی ہیں۔
طالبان نے نجی ٹی وی اسٹیشن "راہ فردا” کو بند کر دیا ہے جو کہ افغانستان کے شیعہ میڈیا اداروں میں سے ایک ہے۔
طالبان کی وزارت اطلاعات و ثقافت نے کہا کہ نیٹ ورک کے ملازمین نے کئی برسوں سے اپنی تنخواہوں اور مراعات کی عدم ادائیگی کی شکایت کی ہے۔
وزارت نے مزید کہا کہ کیس کو عدالت میں بھیجا گیا ہے اور حتمی فیصلہ جاری ہونے تک نیٹ ورک کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
میڈیا کمپلینٹس کمیشن نے پہلے بھی کئی بار نیٹ ورک کے عہدے داروں کو ملازمین کے مطالبات کی ادائیگی کی سفارش کی تھی۔
یہ دوسری مرتبہ ہے کہ "راہ فردا” نیٹ ورک کی سرگرمیاں معطل کی گئی ہیں۔ اس کی سرگرمیاں سب سے پہلے 1401 (فارسی سال) میں 20 سالہ ٹیکس قرض کی وجہ سے معطل کی گئی تھی۔