خبریںہندوستان

معصومہ قم کی معرفت اور زیارت سے آشنائی ضروری: مولانا سہیل عباس

لکھنو۔ دفتر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ سے وابستہ علمی مرکز حوزہ علمیہ ابو طالب علیہ السلام عقب مچھلی منڈی، یونٹی ڈگری کالج، دوبگا، ہردوئی روڈ میں "معصومہ قم سلام اللہ علیہا” کے عنوان سے ایک محفل منعقد ہوئی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ شعرائے کرام نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ محفل کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سہیل عباس (مدرس حوزہ علمیہ ابو طالب علیہ السلام) نے کہا کہ آج کے دور میں معصومہ قم سلام اللہ علیہا کی معرفت اور زیارت دونوں سے آشنائی وقت کی اہم ضرورت ہے. ہمیں ان تمام روایات اور احادیث سے عوام کو باخبر کرنا ضروری ہے۔

حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا ساتویں امام حضرت موسی کاظم علیہ السلام کی صاحبزادی اور آٹھویں امام حضرت علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی ہمشیرہ ہیں۔ آپ مدینہ میں پیدا ہوئی جبکہ اپنے آبائی وطن سے دور قم المقدس میں شہید ہوئیں۔ آپ کا مزار اقدس آج دنیا بھر کے محبان اہل بیت علیہم السلام کی توجہ کا مرکز ہے۔ سال بھر کروڑوں چاہنے والے ایران سمیت مختلف ممالک سے آپ کی زیارت کے لئے قم المقدس کا سفر کرتے ہیں۔ 14 معصومین علیہم السلام کے بعد آپ کی زیارت پر بہت ہی زیادہ تاکید کی گئی ہے جبکہ معصوم کی جانب سے آپ کی زیارت پر جنت کی بشارت بھی دی گئی ہے۔

حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی معروف و معتبر حدیث ہے کہ "جو بھی حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی زیارت کرے وہ جنتی ہے۔” امام جواد علیہ السلام نے فرمایا: "جو بھی قم میں میری پھوپھی کی زیارت کرے وہ جنتی ہے۔” امام جعفر صادق علیہ السلام نے فرمایا: "خدا کے لئے ایک حرم ہے اور وہ مکہ ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ کے لئے حرم ہے اور وہ مدینہ ہے، امیر المومنین علیہ السلام کے لئے حرم ہے اور وہ کوفہ ہے اور ہمارے لئے ایک حرم ہے اور وہ قم ہے۔ عنقریب وہاں میری اولاد میں سے ایک خاتون دفن کی جائیں گی جن کا نام فاطمہ ہوگا جو بھی ان کی زیارت کرے گا اس پر جنت واجب ہوگی۔”

 محفل میں حوزہ علمیہ ابو طالب علیہ السلام کے اساتذہ اور طلاب کے علاوہ دیگر مومنین نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button