علامہ ذیشان حیدر جوادی اور مولانا سید کرّار حسین کی یاد میں سیمینار

لکھنو۔ تنظیم المکاتب ہال گولہ گنج میں ملک کے دو مشہور علماء دین علامہ ذیشان حیدر جوادی اور رئیس الواعظین مولانا سید کرار حسین کی یاد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کا آغاز مولوی نقی عباس کی تلاوت قرآن سے ہوا۔ تنظیم المکاتب کے سکریٹری مولانا سید صفی حیدر نے علامہ جوادی اور مولانا کرار حسین کی زندگی اور خدمات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ ذیشان حیدر جوادی تنظیم المکاتب کے صدر اور مولانا کرار حسین نائب صدر رہے ہیں۔
مولانا کاظم مہدی عروج نے دونوں علماء کی علمی اور فلاحی خدمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی، مولانا سید صبیح الحسین نے کہا کہ انہیں رئیس الواعظین مولانا کرار حسین کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع ملا اور انہیں ان سے بے حد محبت اور اپنائیت حاصل ہوئی۔

مولانا سید فرید الحسن پرنسپل جامعہ ناظمیہ نے اہم نکات کی جانب توجہ دلائی۔ مولانا سید جواد الحیدر جودی نے اپنے مرحوم والد علامہ ذیشان حیدر جوادی کی زندگی اور ان کے کاموں کا تفصیلی ذکر کیا۔ مولانا سید حسین جعفر وہب نے اپنے والد رئیس الواعظین مولانا سید کرار حسین کی سوانح پر روشنی ڈالی۔
آخر میں مولانا کلب جواد نے مجمع سے خطاب کیا اور دونوں علماء دین کی شخصیت و خدمات پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں علماء، طلباء اور معاشرے کے ذمہ دار افراد نے شرکت کی۔