سات ماہ سے کرم کے راستوں کی بندش، حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے: کاظم میثم

اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین جی بی محمد کاظم میثم نے اسلام آباد میں منعقدہ کرم پیس کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سات ماہ سے کرم کے راستوں کی بندش کو سکیورٹی فیلیئر قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فیڈریشن شہریوں کو جینے کا حق دے، آزادی اظہار رائے کا حق دے، شہریوں کو فری موومنٹ کا حق دے۔
سات ماہ سے محصور کرم، حکمرانوں کے منہ اور ان کے جھوٹے دعوں پر طمانچہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کرم کے حق میں آواز بلند کرنے کو بھی جرم بنایا گیا تھا۔ کرم کے مظلوموں نے آواز بلند کی تو پورا پاکستان باہر آیا۔
سکردو گلگت سے کراچی اور کوئٹہ سے لاہور تک ہم آواز ہوئے، لیکن افسوس ہوا کہ سندھ میں ہمارے قائدین پر اور علماء پر حملے کئے گئے۔ دہشتگردی کی دفعات عائد کیں۔ سندھ حکومت نے یہاں تک کہا کہ گلگت بلتستان والوں کو سندھ میں احتجاج کا کوئی حق نہیں۔ کہا گیا کہ پاراچنار کا مسئلہ صرف پاراچنار کا مسئلہ ہے جبکہ یہ مسئلہ انسانی مسئلہ تھا۔ ہم نے ہمیشہ اتحاد کے لئے آواز بلند کی۔ ہم کسی بھی ظالم کے ساتھ کھڑے نہیں، ہر مظلوم کے حامی ہیں، چاہے وہ مظلوم کرم کے ہوں، کے پی کے ہوں، کوئٹہ کے ہوں یا گلگت بلتستان کے ہوں۔ عدل و انصاف کی بالادستی اور ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رکھنی ہوگی۔