
لکھنو۔ کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی شب ولادت باسعادت مسجد کالا امام باڑہ پیر بخارہ میں محفل مسرت منعقد ہوئی۔ جسے امام جماعت مسجد مولانا سید علی ہاشم عابدی نے خطاب کیا۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے امام علی رضا علیہ السلام کی حدیث "جس نے قم میں معصومہ کی زیارت کی اس نے گویا میری زیارت کی۔” کو سرنامہ کلام قرار دیتے ہوئے فرمایا: امام محمد تقی علیہ السلام کی حدیث کی روشنی میں امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت خاص شیعہ ہی کرتے ہیں، یعنی جو 12 معصوم اماموں کی امامت و ولایت پر ایمان رکھتے ہیں وہی امام علی رضا علیہ السلام کی زیارت کرتے ہیں۔ لہذا کریمہ اہل بیت حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے زائرین بھی خاص شیعہ ہی ہیں۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے امام جعفر صادق علیہ السلام کی حدیث "قم ہمارا حرم ہے۔” کو بیان کرتے ہوئے فرمایا: جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سفر معراج پر تھے تو دیکھا کہ شیطان ایک جگہ کچھ لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے تو آپ نے جناب جبرئیل سے پوچھا تو انہوں نے جواب دیا: یہ آپ کی عترت طاہرہ کے شیعوں اور چاہنے والوں کی بستی ہے، جنہیں شیطان بہکانا چاہتا ہے تو آپ نے فرمایا: "قم” (اٹھ جا) یعنی جس طرح شیطان کو بزم ملائکہ سے اللہ نے دور کیا تھا اسی طرح حرم اہل بیت سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دور کیا۔
مولانا سید علی ہاشم عابدی نے حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی زیارت کے فقرہ "اے فاطمہ! آپ ہماری جنت میں شفاعت کر دیں، بے شک اللہ کے نزدیک آپ کی شان و منزلت عظیم ہے۔” کو ذکر کرتے ہوئے کہا: حدیث معصوم کی روشنی میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی شفاعت سے تمام شیعہ جنت میں داخل ہوں گے۔