اسلامی دنیاپاکستانخبریں

پاكستان؛ کینال احتجاج پر وکلاء پر پولیس کے لاٹھی چارج پر تشویش ہے: علامہ شبیر میثمی

مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنماؤں نے بھی کی شدید مذمت

شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے موجودہ سندھ کی صورتحال پر تنظیمی میڈیا کو بیان دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کینالوں کے حوالے سے وکلا کے احتجاج پر پولیس کے لاٹھی چارج اور تشدد پر تشویش ہے، پُر امن احتجاج آئینی و قانونی حق ہے، حکومت سندھ معاملات کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنے کی کوشش کرے۔

شیعہ علماء کونسل کے سکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت معاملات کو سنجیدگی سے حل کرے، احتجاج کرنے والے وکلا کے تحفظات کو سن کر مسائل حل کرنا بہت ضروری ہیں، راستوں کی بندش سے عوام اور تاجر برادری بھی مشکلات کا شکار ہے، سی سی آئی اجلاس جلد بُلا کر مسائل کا حتمی حل نکالا جائے۔

اسی طرح مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے رہنماؤں نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علامہ مبشر حسن نے کہا کہ اگر سندھ پولیس نے پرامن دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی کوئی کوشش کی تو پورے سندھ کو جام کر دیا جائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت سندھ ہوش کے ناخن لے اور عوامی احتجاج کو دبانے کی کوششوں سے باز رہے۔

علامہ مبشر حسن نے مزید کہا کہ جب تک ناجائز کینالوں کے منصوبے کو ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاتا، پرامن احتجاج جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایم ڈبلیو ایم کے دیگر رہنماؤں نے بھی پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کنالوں کے مسئلے پر منافقت بند کرے اور سندھ کے عوام کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button