
مقامی طبی ذرائع کے مطابق، اتوار کے روز سوڈان کے شہر اومدرمان میں نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے ہاتھوں کم از کم 31 شہریوں، جن میں بچے بھی شامل ہیں، کو قتل کر دیا گیا۔
سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک نے السلحہ کے علاقے میں پیش آنے والے اس واقعے کو "علاقے میں دستاویزی طور پر سب سے بڑی اجتماعی ہلاکت” قرار دیا ہے۔ آر ایس ایف نے مقتولین پر سوڈانی فوج کے ساتھ وابستگی کا الزام عائد کیا تھا۔
ابھی تک آر ایس ایف کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
15 اپریل 2023 سے آر ایس ایف اور سوڈانی فوج کے درمیان اقتدار کے لیے شدید لڑائی جاری ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں افراد ہلاک اور دنیا کی بدترین انسانی بحرانوں میں سے ایک جنم لے چکا ہے۔
اقوام متحدہ اور مقامی حکام کے مطابق اب تک 20 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور 1 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بے گھر ہو چکے ہیں۔ تاہم امریکی محققین کا اندازہ ہے کہ حقیقی ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1 لاکھ 30 ہزار تک ہو سکتی ہے۔