دہلی میں جشن حضرت ابو طالب علیہ السلام منعقد ہوا.سید گوہر کاظم زیدی "قومی خدمات ایوارڈ" سے سرفراز

دہلی۔ امامیہ ویلفیئر اینڈ کلچرل ایسوسی ایشن دہلی کی جانب سے گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی 26 اپریل 2025 بروز ہفتہ بعد نماز مغربین درگاہ شاہ مرداں میں جشن حضرت ابو طالب علیہ السلام منعقد ہوا۔
جشن کا آغاز تلاوت قرآن سے ہوا، بعدہ شعراء کرام ڈاکٹر نایاب بلیاوی، جناب شمیم الہ آبادی، جناب آصف جلال بجنوری، جناب مجاہد نقوی، جناب خصال مہدی اور جناب یعسوب گوپال پوری نے بارگاہ حضرت ابو طالب علیہ السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔
مولانا قاضی سید محمد عسکری زیدی نے محفل فضائل سے خطاب کیا۔
جشن کے مہمان خصوصی مولانا سید احمد علی عابدی پرنسپل مدرسہ امام امیر المومنین علیہ السلام ممبئی نے مومنین کو خطاب کرتے ہوئے حضرت ابو طالب علیہ السلام کی عظمت و فضیلت پر گفتگو کی اور نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ اپنا قیمتی وقت واٹس ایپ فیس بک سوشل میڈیا پر ضائع نہ کریں بلکہ کتابیں پڑھیں۔
مولانا سید احمد علی عابدی نے آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کی نصیحتوں کا بیان کرتے ہوئے نوجوانوں کی تعلیم پر زور دیا اور ثروت مند مومنین سے اپیل کی کہ وہ قوم کے کسی ایک بچے کی کفالت کی ذمہ داری لیں تاکہ وہ اپنی پڑھائی مکمل کر سکے اور فرمایا: یہی کفیل پیغمبر حضرت ابو طالب علیہ السلام کو حقیقی خراج عقیدت ہے۔

اس جشن میں دہلی عزاداری یوٹیوب چینل اینڈ فیس بک پیج کے ذمہ دار جناب سید گوہر کاظم زیدی کو ان کی دینی، مذہبی اور قومی خدمات پر ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ سید گوہر کاظم زیدی کئی برس سے دہلی اور اطراف کے علاوہ ملک و بیرون ملک میں منعقد ہونے والی محافل و مجالس اور دیگر دینی اور مذہبی پروگرام کو بلا معاوضہ نشر کرتے ہیں۔