نماز جمعہ ایک حکم ہے، اس کے لئے فقیہ کی اجازت ضروری نہیں ہے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور 26 شوال المکرم 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے نماز جمعہ کے قیام کی شرط کے سلسلہ میں فرمایا: نماز جمعہ کے قیام کے سلسلہ میں بعض فقہاء نے فرمایا کہ اس کے لئے فقیہ جامع الشرائط کی اجازت ضروری ہے، لیکن مشہور یہی ہے اور یہی میرا نظریہ ہے کہ نماز جمعہ ایک حکم ہے اس کے لئے فقیہ کی اجازت ضروری نہیں ہے۔ لہذا اگر شرائط مکمل ہوں مثلا امام جمعہ عادل ہو اور مامومین کی تعداد 5 یا 7 لوگ ہوں تو حتی ایک عام عادل انسان بھی نماز جمعہ قائم کر سکتا ہے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے جمعہ کے دن نماز جمعہ پڑھنے کے سلسلہ میں فرمایا: جمعہ کے دن اگر انسان نماز جمعہ شرائط کے ساتھ پڑھے تو واجب ہے کہ نماز مغرب و عشاء کی طرح حمد و سورہ بلند آواز سے پڑھے، لیکن اگر نماز جمعہ کی جگہ نماز ظہر پڑھ رہا ہے تو فقہاء کے درمیان مشہور ہے کہ مستحب ہے کہ حمد و سورہ بلند آواز سے پڑھے۔ البتہ مرحوم آیۃ اللہ العظمیٰ بروجردی رحمۃ اللہ علیہ سمیت کچھ فقہاء نے اس مسئلہ میں حرج جانا ہے۔ لیکن مشہور فقہاء کے نزدیک مستحب ہے کہ روز جمعہ نماز ظہر میں حمد و سورہ بلند آواز سے پڑھا جائے۔

آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امیر المومنین امام علی علیہ السلام کی حدیث "جس نے 3 نماز جمعہ پے در پے ترک کیا، منافق ہے۔” کے سلسلہ میں فرمایا: اس روایت کی سند معتبر نہیں ہے۔ فقہاء نے تمام روایات سے یہی نتیجہ نکالا ہے کہ نماز جمعہ صرف امام معصوم کہ جن کے اختیار میں حکومت ہو، کے زمانے میں واجب ہے۔ لہذا صرف رسول خدا صلی اللہ علیہ وآلہ اور امیر المومنین امام علی علیہ السلام کے زمانے میں نماز جمعہ واجب تھی۔ لیکن دور حاضر میں مجھ سمیت بہت سے فقہاء کا ماننا ہے کہ ظہر کے وقت نماز جمعہ قائم ہو اور اس کے شرائط مکمل ہوں یعنی امام جمعہ عادل ہو اور دیگر تمام شرائط نماز جمعہ کے پائے جائیں تو انسان نماز جمعہ یا نماز ظہر پڑھنے میں اختیار رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔