
نئی دہلی: پاکستان کی جانب سے ہندوستانی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد بین الاقوامی فضائی سفر میں نمایاں خلل پیدا ہوا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر ایئر انڈیا اور انڈیگو سمیت کئی ایئرلائنز نے اپنے مسافروں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں۔
ایئر انڈیا نے جمعرات کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ شمالی امریکہ، برطانیہ، یورپ اور مشرق وسطیٰ جانے والی پروازیں متاثر ہو سکتی ہیں۔ ایئرلائن نے متبادل راستوں کے استعمال کا عندیہ دیا اور مسافروں سے درخواست کی کہ وہ درج ذیل ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کریں: ۰۱۱۶۹۳۲۹۳۳۳ اور ۰۱۱۶۹۳۲۹۹۹۹۔ مزید معلومات کے لیے ایئر انڈیا کی ویب سائٹ http://airindia.com ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔
اسی سلسلے میں، انڈیگو ایئرلائن نے بھی اپنی بین الاقوامی خدمات میں رکاوٹ کی تصدیق کی ہے۔ انڈیگو نے اپنے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پوسٹ میں لکھا کہ: "ہم پاکستان کی فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ ہماری چند بین الاقوامی پروازیں اب بھی متاثر ہیں۔ براہِ کرم اپنی پرواز کا اسٹیٹس اور ری بکنگ آپشنز چیک کریں۔”

انڈیگو نے مسافروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپ ڈیٹس کے لیے کمپنی کی ویب سائٹ وزٹ کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ انڈیگو کے بیان کے مطابق، "ہم متاثرہ مسافروں کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ اگر آپ کی پرواز متاثر ہوئی ہے تو آپ ری بکنگ یا ری فنڈ کے اختیارات استعمال کر سکتے ہیں۔ یہ حالات ہمارے قابو سے باہر ہیں، اور ہمیں آپ کے سفر میں خلل پر افسوس ہے۔”
یہ صورتحال اُس وقت پیدا ہوئی جب حالیہ دنوں میں پہلگام میں ایک دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان نے اچانک ہندوستانی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر دی، جس سے فضائی روٹس میں خلل واقع ہوا۔ پروازوں کی مدت، راستے اور کنیکٹیویٹی متاثر ہو رہی ہے، خصوصاً وہ پروازیں جو مشرق وسطیٰ اور یورپ کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی تھیں۔