
لکھنو۔ شیعہ شاہی جامع مسجد کی روح رواں جناب سید رضوان حیدر نقوی ریٹائرڈ ڈی ایس پی کی وفات پر مومنین جامع مسجد کی جانب سے جامع مسجد میں بعد نماز مغربین جلسہ تعزیت اور مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔
جلسہ تعزیت کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا۔ بعدہ جناب عباس نگار، جناب وفا عباس چیئرمین عنبر فاؤنڈیشن لکھنو، جناب رضا امام، جناب علی آغا، جناب افسر جاہ، مولانا واثق رضا نقوی، مولانا سید محمد عارف رضوی، مولانا سید حیدر عباس رضوی، مولانا سید جاوید مصطفوی، مولانا اختر عباس جون، مولانا سید محمد حسنین باقری، مولانا سید علی ہاشم عابدی، مولانا سید وصی رضا عابدی، مولانا سید رضا حسین نے تقاریر کی۔ مقررین نے مرحوم سید رضوان حیدر نقوی کی شخصیت اور کارناموں کے مختلف گوشوں کو بیان کیا۔

آخر میں حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر صاحب سکریٹری تنظیم المکاتب نے مجلس عزا کو خطاب فرمایا۔
مولانا سید صفی حیدر نے یہ بتاتے ہوئے کہ ہر نیک عمل پر اجر جنت میں ملے گا اور اس کا نتیجہ دنیا میں ملتا ہے، فرمایا: نیک کاموں میں ہمارا مقصد صرف دنیا کا نتیجہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ رضوان الہی کا حصول ہونا چاہیے۔ کیونکہ جسے رضوان الہی حاصل ہو جائے اسے جنت بھی ملے گی اور دیگر تمام نعمتیں بھی حاصل ہوں گی۔
پروگرام میں نظامت کے فرائض جناب سید شاہکار زیدی نے انجام دیے۔ اس جلسہ تعزیت اور مجلس عزا میں کثیر تعداد میں علماء اور مومنین نے شرکت کی۔