ایشیاءخبریںہندوستان

ہندوستان ؛ شاہی جامع مسجد لکھنو کے روح رواں سید رضوان حیدر نقوی کا انتقال

لکھنو کی شیعہ شاہی جامع مسجد جو گردش حالات کی نذر ہو کر لاوارث نظر آنے لگی تھی۔ مرد مومن ریٹائرڈ ڈی ایس پی سید رضوان حیدر نقوی امروہوی نے علماء اور مومنین کی مدد سے اسے دوبارہ آباد کیا، پنجگانہ نماز جماعت کا قیام کیا، خاص طور سے روزانہ نماز صبح با جماعت اور اس کے بعد روزانہ مجالس ترحیم کا سلسلہ شروع کیا۔ تو دیکھتے ہی دیکھتے ہیں پورے شہر سے مومنین یہاں آنے لگے اور مسجد آباد ہو گئی۔ اسی کے ساتھ ساتھ سابق امام جماعت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید علی قاسم رضوی مرحوم اور دیگر مومنین کی مدد سے ماہ رمضان کے آخری عشرہ میں سہ روزہ اعتکاف کا بھی اہتمام کیا۔

جامع مسجد کی قریب میں حسینیہ ملکہ جہاں مرحومہ بھی لاوارثی کا شکار تھا، دیواروں سے اونچی گھاس تھی۔ مرحوم سید رضوان حیدر صاحب نے اسے بھی آباد کیا کہ آج وہاں عشرہ مجالس کے علاوہ مجالس ترحیم اور دیگر پروگرام کا سلسلہ پورے سال جاری رہتا ہے۔ اسی امام بارگاہ میں شبیہ تلہ زینبیہ، شبیہ قتلگاہ امام حسین علیہ السلام بھی تعمیر کیا ساتھ ہی ایک لائبریری بھی قائم کی گئی۔

جناب سید رضوان حیدر صاحب نے جامع مسجد میں اموات مومنین کے غسل کے لئے غسل خانہ تعمیر کرایا۔ نیز جامع مسجد گراؤنڈ میں تعزیہ دفن کرنے کے لئے "گنج شہیداں” بھی تعمیر کرایا اور شبیہ روضہ جناب سکینہ علیہا السلام بھی تعمیر کرایا۔

جناب سید رضوان حیدر صاحب نے لکھنو کی تاریخی عمارت سٹکھنڈا جو عید کا چاند دیکھنے کے لئے اودھ بادشاہ نے تعمیر کرائی تھی اس کی مرمت اور تجدید کی۔ جہاں آج مرکزی شیعہ چاند کمیٹی کے اراکین چاند دیکھنے جاتے ہیں۔

مرحوم سید رضوان حیدر صاحب نے ملازمت سے ریٹائرمنٹ کے بعد تقریبا چار دہائی تک اپنی زندگی دینی خدمات میں بسر کی، نہ کسی شہرت کی تمنا اور نہ ہی کسی نام کی آرزو رہی۔

جناب سید رضوان حیدر صاحب کی خواہش تھی کہ اقوام متحدہ کی جانب سے منتخب عالمی یوم اطفال کو "یوم علی اصغر علیہ السلام” کے طور پر منایا جائے۔ اس سلسلہ میں مرحوم نے اقوام متحدہ میں درخواست دی۔ نیز علماء و مومنین سے رابطہ کیا اور ہمراہی کی اپیل کی۔

20 اپریل 2025 بروز اتوار عصر کے ہنگام دین و مذہب اور قوم و ملت کے خادم سید رضوان حیدر نقوی نے داعی اجل کو لبیک کہا۔

جامع مسجد میں خود کے تعمیر کردہ غسل خانے میں غسل ہوا، مجلس عزا منعقد ہوئی جسے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید صفی حیدر صاحب قبلہ سکریٹری تنظیم المکاتب نے خطاب کیا، بعدہ نماز جنازہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید کلب جواد نقوی صاحب قبلہ کی اقتدا میں ادا ہوئی۔

تشییع جنازہ میں آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ کے نمایندہ حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی صاحب قبلہ، مولانا کلب سبطین نوری کے علاوہ علماء اور مومنین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد جنازہ مرحوم کے آبائی وطن امروہہ کی جانب روانہ ہو گیا، جہاں آبائی قبرستان میں سپرد خاک ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

Back to top button