روایات کے مطابق تمام معصومین علیہم السلام رجعت فرمائیں گے: آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی

مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کا روزانہ کا علمی جلسہ حسب دستور منگل 17 شوال المکرم 1446 ہجری کو منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ جلسات کی طرح حاضرین کے مختلف فقہی سوالات کے جوابات دیے گئے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے انجیل کے موجودہ نسخوں کے سلسلہ میں فرمایا: جو انجیل فی الحال دستیاب ہیں ان میں تحریف اور تبدیلی کی گئی ہے، یہاں تک کہ عیسائی علماء بھی تسلیم کرتے ہیں کہ انجیل میں ہر 100 سال بعد تحریف اور تبدیلی ہوتی ہے۔ یعنی دنیا بھر کے بزرگ مسیحی علماء جمع ہوتے ہیں جنہیں عربی میں "المعجم المسکونی” یعنی عالمی کونسل کہا جاتا ہے وہ انجیل کی بعض عبارتوں میں تبدیلیاں کرتے ہیں۔ کیونکہ اجتماعی فیصلے کی بنیاد پر وہ اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ مثلاً یہ جملہ موجودہ دور کے لئے مناسب نہیں ہے اس لئے وہ کچھ مواد کو تبدیل کر دیتے ہیں یا انہیں یکسر حذف کا کر دیتے ہیں۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف کے دنیا والوں سے رابطہ کے سلسلہ میں فرمایا: روایات میں ہے کہ امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف پوری دنیا میں اپنے نمائندے بھیجیں گے جس طرح موجودہ دور میں تمام ممالک میں دوسرے ممالک کے سفیر اور نمائندے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور امیر المومنین علیہ السلام نے بھی اپنے دور حکومت میں جو آدھی دنیا پر تھی، مختلف ممالک میں اپنے نمائندے بھیجے۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے بعد معصومین علیہم السلام کی رجعت کے سلسلہ میں فرمایا: روایات میں ہے کہ تمام 14 معصومین علیہم السلام رجعت فرمائیں گے اور عدل کے ساتھ حکومت کریں گے جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور امیر المومنین علیہ السلام نے عدل کے ساتھ حکومت کی۔
آیۃ اللہ العظمیٰ شیرازی نے فرمایا: جب امام مہدی عجل اللہ فرجہ الشریف شہید ہو جائیں گے تو روایت میں ہے کہ امام حسین علیہ السلام رجعت فرمائیں گے، زندہ ہوں گے، اپنی قبر سے نکلیں گے اور ان کو غسل و کفن اور حنوط دیں گے اور انہیں اپنی جگہ دفن کریں گے اور کئی سال حکومت کرنے کے بعد دنیا سے رحلت کریں گے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ اور امیر المومنین علیہ السلام رجعت فرمائیں گے۔
واضح رہے کہ مرجع عالی قدر آیۃ اللہ العظمیٰ سید صادق حسینی شیرازی دام ظلہ کے یہ روزانہ علمی نشستیں قبل از ظہر منعقد ہوتی ہیں، جنہیں براہ راست امام حسین علیہ السلام سیٹلائٹ چینل کے ذریعے یا فروکوئنسی 12073 پر دیکھا جا سکتا ہے۔